حیدرآباد۔27اپریل(سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے تلنگانہ میں گرمی کی شدت میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے زرداور بعض علاقوں کیلئے آرنج الرٹ جاری کیا اورعوام سے اپیل کی کہ وہ شدید دھوپ میں گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں کیونکہ بیشتر اضلاع اور دونوں شہروں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوا جس کے نتیجہ میں لو لگنے کے واقعات کا خدشہ ہے۔ محکمہ کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ درجہ حرارت میں اضافہ کے باوجود موسم خشک رہے گا اور ایسے موسم میں پسینے کے اخراج سے بیماریوں کے امکانات کم ہوتے ہیں لیکن لو لگنے کے واقعات میں اضافہ کا خدشہ ہوتا ہے اسی لئے عوام کو احتیاط کی ضرورت ہے۔ کہا گیا کہ حیدرآباد میں درجہ حرارت میں اضافہ کے نتیجہ میں آئندہ 5یوم میں شہر کے علاوہ اضلاع میں بارش کے علاوہ ژالہ باری کے امکانات ہیں ۔بتایاجاتا ہے کہ عادل آباد ‘ کمرم بھیم آصف آباد‘ جگتیال ‘ پدا پلی‘ منچریال ‘ نرمل ‘ نظام آباد‘ملوگو‘ بھدادری کتہ گوڑم ‘ کھمم‘ سوریہ پیٹ‘ نلگنڈہ ‘ محبوب نگر‘ ناگر کرنول ‘ ونپرتی ‘ نارائن پیٹ‘ اور جوگولامبا گدوال میں آئندہ 5یوم میں ہلکی اور تیز بارشوں کا امکان ہے۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ ایک ہفتہ میں بھی گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا اور درجہ حرارت میں بھی مسلسل اضافہ کا خدشہ ہے اسی لئے عوام کو گرمی سے محفوظ رہنے اقدامات کرنے چاہئے ۔ کل شہر میں موسم کی سب سے زیادہ گرمی ریکارڈ کی گئی تھی اور محکمہ موسمیات و ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ چند یوم میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ بھدراچلم میں آج درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شہر حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرچکا ہے ۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ ماہ مئی کے اختتام تک درجہ حرارت میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہاہے اور جاریہ ہفتہ بھی گرمی کی شدت میں اضافہ کے خدشات ہیں اورآئندہ ہفتہ کے دوران بھی گرمی کی تمازت میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔3