گریٹر حیدرآباد میں وسیع پیمانہ پر صفائی مہم

   

کے ٹی آر کی ہدایت متاثرہ علاقوں میں گندگی برقرار
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد حکام نے صفائی کے انتظامات پر توجہ نہیں دی ہے۔ کئی متاثرہ علاقے آج بھی کیچڑ اور گندگی کا سامنا کر رہے ہیں۔ مانسون کے آغاز کے بعد وبائی امراض پھیلنے کے اندیشے کے تحت وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے شہر کے تمام سرکلس میں صفائی کی خصوصی مہم کی ہدایت دی ہے۔ کے ٹی آر خود اس مہم کے افتتاح کے موقع پر موجود رہیں گے جس کا مقصد شہر کے تمام علاقوں میں کچرے کی صفائی کے علاوہ بارش سے گرے درختوں اور تعمیراتی ملبہ کی صفائی شامل ہے۔ حکام کو ہدایت دی گئی کہ خستہ اور بوسیدہ عمارتوں کا تخلیہ کراتے ہوئے منہدم کیا جائے ۔ میئر بی رام موہن نے کمشنر بلدیہ اور دیگر حکام کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرکے صفائی مہم کی ہدایت دی ہے ۔مہم میں 778 گاڑیوں کا استعمال کیا جائیگا۔ ان میں 242 بلدیہ کی گاڑیاں ہیں جبکہ 556 گاڑیوں کو کرایہ پر حاصل کیا جائیگا ۔ ہر سرکل میں صفائی کی نگرانی کیلئے 960 ٹیم لیڈرس کا تقرر کیا گیا ہے۔