ہند ۔ ازبکستان کی دو طرفہ سرمایہ کاری کے معاہدہ پر دستخط

   

تاشقند: ہندوستان کی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن اور ازبکستان کے نائب وزیر اعظم خودجایف جمشید عبدوخاکمووچ نے جمعہ کو یہاں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سرمایہ کاری کے معاہدے (بی آئی ٹی) پر دستخط کئے ۔ ہندوستان اور ازبکستان کے درمیان بی آئی ٹی متعلقہ بین الاقوامی نظیروں اور طریقوں کی روشنی میں ہندوستان میں ازبکستانی سرمایہ کاروں اور ازبکستان میں ہندوستانی سرمایہ کاروں کو مناسب تحفظ کی یقین دہانی کراتی ہے ۔ یہ کم از کم معیاری سلوک اور عدم امتیاز کو یقینی بنا کر سرمایہ کاروں کے جذبات اور اعتماد میں اضافہ کرے گا، نیز ثالثی کے ذریعہ تنازعات کے تصفیہ کیلئے ایک آزاد فورم فراہم کرے گا۔بی آئی ٹی سرمایہ کاری کو ضبطی، شفافیت، منتقلی اور نقصانات کے لیے معاوضے سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ تاہم، اس طرح کے سرمایہ کاروں اور سرمایہ کاری کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے ریگولیٹ کرنے کے حق کے حوالے سے توازن برقرار رکھا گیا ہے اور اس طرح پالیسی کیلئے مناسب جگہ فراہم کی گئی ہے ۔بی آئی ٹی پر دستخط اقتصادی تعاون کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کیلئے مزید مضبوط اور لچکدار ماحول پیدا کرنے کیلئے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ توقع ہے کہ بی آئی ٹی سے دو طرفہ سرمایہ کاری میں اضافے کی راہ ہموار ہوگی، جس سے دونوں ممالک میں کاروبار اور معیشتوں کو فائدہ ہوگا۔