ہند ۔ چین سرحدی تنازعہ میں امریکہ ثالثی کیلئے تیار

,

   

واشنگٹن ؍ نئی دہلی ؍ بیجنگ ۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیشکش کی ہیکہ وہ ہندوستان اور چین کے درمیان بڑھتے سرحدی تنازعہ میں ثالثی کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ دونوں بڑے ایشیائی ملکوں کی افواج کے درمیان مسلسل تعطل و کشیدگی کو کم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ٹرمپ اس سے قبل ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کرچکے ہیں، جسے نئی دہلی نے مسترد کردیا اور اپنا موقف دہرایا کہ باہمی مسائل میں کسی تیسرے فریق کے رول کی گنجائش نہیں ہے۔ ٹرمپ نے صبح ٹوئیٹ کیا کہ انہوں نے انڈیا اور چائنا دونوں کو مطلع کیا ہیکہ امریکہ بڑھتے سرحدی تنازعہ میں ثالثی کیلئے تیار ہے۔ ٹرمپ کی غیرمتوقع پیشکش ایک روز بعد سامنے آئی جبکہ چین نے ظاہر طور پر مصالحتی انداز اختیار کرتے ہوئے تھا کہ ہندوستان کے ساتھ سرحد کی صورتحال مجموعی طور پر مستحکم اور کنٹرول میں ہے۔ بیجنگ میں ترجمان چینی وزارت خارجہ ژاؤ لی جیان نے کہا کہ چین اور ہندوستان دونوں بات چیت اور مشاورتوں کے ذریعہ مسائل کی یکسوئی کیلئے مناسب میکانزم اور مواصلاتی ذرائع کے حامل ہیں۔ نئی دہلی میں چینی سفیر سون وی ڈانگ نے کہا کہ چین اور ہندوستان کو کبھی اپنے اختلافات کس حد تک بڑھانا نہیں چاہئے کہ مجموعی باہمی روابط ماند پڑجائیں، بلکہ انہیں باہمی بھروسہ کو فروغ دینا چاہئے۔