کلکتہ : پاکستانی ماں بیٹے کو بغیر قانونی دستاویزات کے غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہونے پر گرفتار کیا گیا۔ پولیس اور آرمڈ بارڈر فورسیس(ایس ایس بی) کے ذرائع نے بتایا کہ دونوں افراد کو پہلے حراست میں لیا گیا اور بعد میں بدھ کو بغیر قانونی دستاویزات کے غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ پاکستانی ماں اور بیٹے کو بدھ کے روز SSB 41 بٹالین کے سپاہیوں نے سلی گوڑی کے قریب کھری باڑی بلاک کے پنٹنکی علاقے میں ہندوستان-نیپال سرحد سے گرفتار کیا گیا ہے ۔ ایس ایس بی کے اہلکاروں نے پوچھ گچھ کے بعد دونوں کو دارجلنگ ڈسٹرکٹ پولیس کھری باڑی پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار خاتون کا نام شائستہ حنیف ہے جس کی عمر 62 سال ہے ۔ ان کے 11 سالہ بیٹے کا نام آریان محمد حنیف ہے ۔خاتون کو جمعرات کو سلی گوڑی سب ڈویژنل عدالت میں پیش کیا جانا ہے ۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی ماں بیٹا بدھ کی صبح نیپال کے کاکرویٹا سے دریائے میچی پر بنے ایشین ہائی وے کے پل کو عبور کر کے بھارت نیپال سرحد کے قریب پانی ٹانکی پہنچے ہیں۔ اس وقت انہیں ایس ایس بی کے جوانوں نے پکڑ لیا۔