53 فیصد عوام نے نشانہ کی تکمیل کا دعویٰ کیا، برازیل، فرانس، امریکہ اور جاپان جیسے ممالک کے عوام کی رائے مختلف
حیدرآباد۔ 10 مئی (سیاست نیوز) انسان کی خواہشات اور ترجیحات کی کوئی انتہائی نہیں ہوتی اور حالیہ سروے میں ہندوستانی عوام کو ترجیحات کی تکمیل کے سلسلہ میں انتہائی پرعزم پایا گیا ہے۔ دنیا کے اہم ممالک میں اس بات کا سروے کیا گیا کہ عوام میں نشانی اور ترجیحات کی تکمیل کے معاملہ میں کس حد پرامید ہیں۔ یوں تو ہندوستان کا شمار ترقی پذیر ممالک میں ہوتا ہے اور معیشت کے معاملہ میں آج بھی ملک کی نصف سے زائد آبادی کو معاشی مسائل کا سامنا ہے۔ ہندوستان کے 53 فیصد افراد نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی زندگی کی اہم ترجیحات میں کسی ایک کی تکمیل ضرور ہوئی ہے۔ معیار زندگی میں بہتری کامعاملہ ہو یا پھر کچھ اور ہندوستانی عوام اپنے بہتر مستقبل کے بارے میں پرامید دکھائی دیئے۔ برخلاف اس کے ترقی یافتہ ممالک میں زندگی کے نشانوں کی تکمیل کے معاملہ میں عوام کی امیدیں کم ہیں۔ برازیل میں 42 فیصد عوام نے اعتراف کیا کہ ان کی زندگی کی کوئی اہم خواہش کی تکمیل ہوئی ہے۔ فرانس 41 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں دیگر ممالک کے مقابلہ عوام اپنے مقاصد کی تکمیل کے معاملہ میں زیادہ پرامید نظر آئے اور شخصی کارناموں پر توجہ زیادہ دی جاتی ہے۔ امریکہ اور کینیڈا جیسے ممالک میں زندگی کی کامیابیوں سے متعلق عوام کی رائے مختلف ہے۔ حیرت تو اس بات پر ہے کہ جاپان میں محض 18 فیصد افراد نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی زندگی کے مقاصد کی تکمیل ہوئی ہے۔ سروے کے ذریعہ دنیا بھر کے اہم ممالک میں عوامی رجحان کا اندازہ ہوتا ہے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ روز افزوں مسائل کا سامنا کرنے کے باوجود ہندوستانی اپنی زندگی کے نشانوں کی تکمیل میں کامیاب ہیں۔ 1؍F