نئی دہلی : مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے آج دعویٰ کیا کہ ہندوستان کی معیشت ایک تاریخی موڑ پر پہنچ گئی ہے جہاں مینوفیکچرنگ سیکٹر نے ایکسپورٹ مارکیٹ میں سروس سیکٹر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور ہندوستان کی برآمدات جلد ہی ایک ٹریلین ڈالر کو چھو جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ آج ہندوستان ہر سال 1 کروڑ 80 لاکھ نئے روزگار کے مواقع پیدا کر رہا ہے ۔ ویشنو نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاعات شیئر کیں۔ ویشنو نے کہا کہ ملک کی معیشت ایک تاریخی موڑ پر پہنچ گئی ہے ۔ ملک میں مینوفیکچرنگ سیکٹر کو فروغ دینے کی بات کافی عرصے سے ہو رہی تھی لیکن ایسا نہ ہو سکا۔ پچھلے 40 سے 50 سالوں کے دوران ہندوستان میں مینوفیکچرنگ مسلسل گرتی رہی اور ہم اس کی صلاحیت سے فائدہ نہیں اٹھا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس لیڈر وزیر اعظم نریندر مودی کے میک ان انڈیا کے نعرے کا مذاق اڑاتے تھے اور آج حالات خود ان کا مذاق اڑانے لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم ایسی صورتحال پر پہنچ چکے ہیں جب ہماری برآمدات ایک ٹریلین ڈالر تک پہنچنے والی ہیں اور جلد ہی ہم اس سطح کو عبور کر لیں گے ۔