’’ہٹ اینڈ رَن ‘‘ کے تحت موت پر 2 لاکھ روپئے ، زخمی کو 50 ہزار روپئے مرکزی حکومت کی مالی امداد

   

اسکیم سے متعلق عہدیداروں نے شعور بیدار نہیں کیا ، عوام استفادہ سے محروم
حیدرآباد۔ 20 جنوری (سیاست نیوز) سڑک حادثات میں ہلاک یا زخمی ہونے والے افراد کے ارکان خاندان کی مدد کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ ’’ہٹ اینڈ رَن‘‘ اسکیم پر عوام میں شعور کا فقدان ہے جس کی وجہ سے اس سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد انتہائی کم ہے۔ عہدیداروں کی جانب سے بھی اس تعلق سے عوامی شعور بیدار نہیں کیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت نے سال 2022ء میں اس اسکیم پر عمل آوری کا آغاز کیا ہے، لیکن عوام اس سے اِستفادہ نہیں کر پارہے ہیں۔ سڑک پر جانے والے شخص کو نامعلوم گاڑی کی ٹکر کی وجہ سے موت ہوجاتی ہے تو اس ارکان خاندان کو 2 لاکھ روپئے اور اگر کوئی زخمی ہوجاتا ہے تو 50 ہزار روپئے مالی امداد مرکزی حکومت کی جانب سے دی جاتی ہے۔ ’’ہٹ اینڈ رَن‘‘ اسکیم سے فائدہ اُٹھانے کیلئے دو قسم کی درخواستیں دینی پڑتی ہے۔ متاثرین فارم (1) کے تحت حادثہ کب پیشہ آیا؟ کب اور کیسے ہوا؟ کس طرح کے زخم آئے؟ علاج کی تفصیلات پر درخواست فارم کی خانہ پُری کریں، آدھار کارڈ اور بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات ساتھ میں منسلک کریں، حادثہ کے بعد علاج کے دوران فوت ہوجانے والے ارکان خاندان اپنے بینک اکاؤنٹ کی زیراکس کاپی بھی ساتھ میں پیش کریں۔ دواخانہ میں اپنے ذاتی خرچ سے کیا گیا علاج اور اس کو ری فنڈ حاصل کرنے کیلئے فارم (4) کے ذریعہ درخواست داخل کریں۔ کونسے دواخانہ میں علاج کروایا گیا، اخراجات کے رسید، ایف آئی آر کاپی، موت سے متعلق پوسٹ مارٹم رپورٹ، ڈِیتھ سرٹیفکیٹ منسلک کرتے ہوئے ریوینیو اور پولیس عہدیداروں کو پیش کریں۔ عہدیداروں کی جانب سے تحقیقات کے بعد کلکٹر کو رپورٹ پیش کی جاتی ہے۔ عہدیدار اس کی جانچ کرتے ہوئے اندرون 15 یوم متاثرین کے بینک اکاؤنٹ میں نقد رقم جمع کروائیں گے۔ 2