یورپ کے امریکی اسلحہ پر انحصار میں اضافہ

   

برسلز : یورپی ممالک نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران دو گنا اسلحہ درآمد کیا ہے جس میں سے 60 فیصد سے زائد امریکہ سے خریدا جانے والا اسلحہ ہے۔ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (ایس آئی پی آر آئی) کی ایک رپورٹ کے مطابق 2020 سے 2024 کے دوران یوکرین دنیا کا سب سے زیادہ اسلحہ درآمد کرنے والا ملک تھا جب کہ امریکہ دنیا کا سب سے بڑا ایکسپورٹر رہا۔ رپورٹ کے مطابق پانچ برس کے دوران امریکہ نے عالمی سطح پر 43 فی صد اسلحہ فروخت کیا جب کہ فرانس 9.6 فی صد کے ساتھ دوسرا بڑا ایکسپورٹر رہا۔ امریکہ نے یورپی ملکوں کو گزشتہ پانچ برس کے دوران 64 فیصد اسلحہ فراہم کیا جو 2015 سے 2019 کے مقابلے میں 12 فی صد زیادہ ہے۔ 2015 سے 2019 کے مقابلے میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران مغربی ملکوں کے عسکری اتحاد ناٹو کے رکن ممالک نے 105 فی صد زیادہ اسلحہ درآمد کیا ہے۔ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران امریکہ کے لیے یورپ اسلحہ کی سب سے بڑی منڈی رہا ہے۔ یورپ نے 24-2020 کے دوران 35 فیصد جب کہ مشرقِ وسطیٰ کے ممالک نے 33 فیصد امریکی اسلحہ خریدا ہے۔ اگر کسی ایک ملک کی بات کی جائے تو سعودی عرب امریکی اسلحہ کا سب سے بڑا درآمد کنندہ رہا ہے۔