برسلز ۔ 27 جون (ایجنسیز) یورپی یونین نے اپنے نظر انداز کردہ جزیروں اور ساحلی برادریوں کے لیے ایک نیا منصوبہ بنایا ہے۔ اپنی نوعیت کے اس اولین منصوبے کا مقصد ماضی میں نظر انداز شدہ یورپی جزائر اور ساحلی علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانا ہے۔ یورپی یونین کے حکام کی طرف سے جمعہ 26 جون کے روز کہا گیا کہ ماضی میں اس بلاک کے رکن ممالک کے دور دراز جزائر اور ساحلی علاقوں اور برادریوں کی ترقی پر کافی توجہ نہیں دی جا سکی تھی۔ اس لیے اب یونین نے ایک ایسا منصوبہ بنایا ہے، جس کا مقصد ایسے جزائر اور ساحلی علاقوں میں ٹرانسپورٹ رابطوں کو بہتر بنانا، ان علاقوں کے توانائی کے شعبے میں الگ تھلگ ہو کر رہ جانے کو ختم کرنا اور وہاں نئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے شروع کرنا ہے۔ اس سلسلے میں یورپی یونین کا یورپی کمیشن کہلانے والا انتظامی بازو پہلی بار ایسی حکمت عملی کی تیاری میں بھی مصروف ہے، جس پر عمل کر کے رکن ممالک میں اب تک توجہ کا مرکز نہ رہنے والے جزائر اور ساحلی برادریوں تک بھی عمومی ترقی کے ثمرات پہنچائے جائیں گے۔