خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنی خوبصورتی کو بڑھانے کیلئے میک اپ کے اوقات کو ضرور مدِ نظر رکھیں تاکہ جلد کی قدرتی چمک برقرار رہے۔دن کے اوقات میں بہت ہلکا میک اپ کرنا چاہئے زیادہ سے زیادہ لپ اسٹک اور بلشر کریں۔شام کے وقت باہر جانے کیلئے چونکہ میک اپ کی ضرورت نہیں پڑتی اس لئے فاؤنڈیشن آئی شیڈز، مسکارا اور چمک دار لپ اسٹک کا استعمال کریں میک اپ میں چہرے کے نقوش کو نمایاں کیا جا سکتا ہے۔میک اپ کو خواتین کا بہترین دوست تصور کیا جاتا ہے لیکن میک اپ کرنا بھی ایک آرٹ ہے اور یہ آرٹ بھی برشز کے بنا مہارت کے ساتھ ممکن نہیں۔بہت سی خواتین اپنی سہولت یا وقت کی قلت کے سبب اپنی انگلیوں کے استعمال کر ترجیح دیتی ہیں مگر آج کل کے دور میں ان برشز کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں اور اس کے سبب مشہور و معروف کاسمیٹکس برانڈز میک اپ برشز کی باقاعدہ رینج متعارف کروا چکے ہیں ۔ ان کے استعمال سے ہر مخصوص میک اپ مصنوعات کو صحیح طریقے سے جلد پر جذب ہونے اور چہرے کا حسین اور قدرتی تاثر ملنے میں خاصی مدد ملتی ہے۔آئیں آج بات ہو جائیں ان برشز کی جنہیں اگر جادو کی چھڑی سے تشبیہ دی جائے تو غلط نہ ہو گا۔
پاؤڈر برش : یہ برش عموماً بڑے سائز کا ہوتا ہے جو کہ میک اپ کے اختتام پر دیرپا قائم رکھنے والے پاؤڈر کو لگانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ ویسے تو میک اپ کیلئے استعمال ہونے والے برشز کا نرم و ملائم ہونا لازم ہے آخر یہ آپ کی جلد کا معاملہ ہے مگر زیادہ تر ماہرین حسن اس برش کی ملائمیت اور لچکدار ہونے پہ خاصا زور دیتے ہیں۔لچکدار ہونے کی اصل وجہ یہ ہے کہ اس کے استعمال میں زیادہ طاقت درکار نہیں ہوتی اسے میک اپ مکمل ہونے کے بعد ہلکے ہاتھوں سے استعمال کیا جاتا ہے۔
برانزر اور بلینڈنگ برش : پاؤڈر برش کے مقابلے میں اس کے برسٹلز سمٹے ہوئے ہونے کے بجائے نسبتاً پھیلے ہوئے ہوتے ہیں۔ کیونکہ یہ برانزر اور کنٹو رنگ پاؤڈر کو چہرے یہ جذب کرنے اور بہتر انداز میں بلینڈ کرنے کیلئے مثالی سمجھا جاتا ہے۔اور آج کل تو اس کا استعمال اور بھی زیادہ ضروری ہوتا جا رہا ہے کیونکہ کنٹو رنگ کا رجحان پچھلے چند سالوں میں بہت زیادہ فروغ پا چکا ہے۔
بلش برش : آپ کے چہرے کو تروتازہ اور صحت مند تاثر دینے میں یہ برش نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے کیونکہ یہ رخساروں پہ بلش آن لگانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس برش کی پہچان بھی کچھ خاص مشکل نہیں ۔ بلینڈنگ برش کی مانند یہ بھی نرم و ملائم ریشوں پر مشتمل ہوتا ہے البتہ یہ سائز میں تھوڑا چھوٹا اور نسبتاً کم پھیلا ہوا ہوتا ہے۔اس کی بناوٹ کچھ اس انداز کی ہوتی ہے کہ چاہے بلش آن لمبے چہرے کیلئے رخساروں کی ہڈیوں کی اٹھان پہ گولائی کے انداز میں لگانا ہو یا گول چہرے پہ رخساروں کی ہڈیوں کے اوپر ہر صورت میں یہ برش انتہائی موزوں ہے۔
فین برش : جیسا کہ نام سے ہی اندازہ ہو رہا ہے کہ اس کی بناوٹ ہاتھ والے پنکھے کی شکل میں کی جاتی ہے۔اس کا استعمال چہرے کو تروتازہ اور چمکدار تاثر دینے والے ہائی لائٹر کے استعمال کیلئے آئیڈیل ہے۔
فاؤنڈیشن برش : سائز میں درمیانہ اور چپٹے ریشوں پر مشتمل یہ برش فاؤنڈیشن کے استعمال میں موثر ثابت ہوتا ہے۔چپٹی بناوٹ ہونے کے سبب یہ فاؤنڈیشن کو جلد میں جذب کرتا ہے۔