Tuesday , September 19 2017
Home / شیشہ و تیشہ / شیشہ و تیشہ

شیشہ و تیشہ

انورؔ مسعود
وارث …!
اے کاش نہ دیتا مرے اجداد کو دھوکا
وہ دشمنِ دیرینہ وہ مردْود کہیں کا
بے دخل کیا دانہِء گندم نے وگرنہ
میں صاحبِ میراث تھا فردوسِ بریں کا
……………………………
محمد شفیع مرزا انجم
غزل
پیری میں خواہشیں جو اُٹھی ہیں شباب کی
ہمکو بھی پڑگئی ہے ضرورت خصاب کی
ہر وقت منہ پھلاتے ہیں وہ مجھکو دیکھ کر
حالت نہ پوچھیئے دلِ خانہ خراب کی
بیگم کے پاؤں پڑتا ہے خالہ سمجھ کر وہ
کتنی بری ہے دوستو عادت شراب کی
دیکھا وہ مجھکو غور سے ایسا لگا مجھے
آنکھوں میں دھنس رہی ہے کرن آفتاب کی
مرغ و ہریس کر نہ سکے ہم کو شادماں
بات کچھ اور ہی تھی وہ لقمی کباب کی
انجمؔ کو سُن کے بزم میں ظالم نے یوں کہا
شاعر بنے ہیں دیکھئے حالت جناب کی
………………………
لغت جدید
وکیل : وہ شخص جو گنہگار کو بے گناہ اور بے گُناہ کو گنہگار ثابت کرتار ہتا ہے ۔
عدالت : وہ جگہ جہاں حقیقت کی نہیں ثبوت کی اہمیت رہتی ہے ۔
پولیس اسٹیشن : ناکردہ گناہوں کی سزا گاہ۔
Bail : مزید جرائم کرنے کااجازت نامہ ۔
Acqited : چوری کا سامان بیچنے کا اجازت نامہ ۔
برتھ سرٹیفکیٹ : جائیداد کا ایک اور دعویدار ہونے کااجازت نامہ
میریج سرٹیفکیٹ : ہر دو کیلئے ایک غلام استعمال کرنے کا اجازت نامہ ۔
ڈیتھ سرٹیفکیٹ : مرحوم کی بچی کچی جائیداد لوٹنے کا اجازت نامہ ۔
ایڈورٹائزمنٹ : جھوٹ بولنے کا قانونی اجازت نامہ ۔
مظہر قادری۔ حیدرآباد
………………………
خواب تو خواب ہے …!
٭  ایک کسان ماہر نفسیات کے پاس گیا اور کہنے لگا: ’’جناب! آج کل میں بڑے برے خواب دیکھتا ہوں۔ رات میں نے دیکھا کہ میں گدھا ہوں اور گھاس چر رہا ہوں ‘‘
کوئی فکر کی بات نہیں۔ ماہر نفسیات نے کہا۔
’’خواب تو خواب ہے ،اس میں پریشانی کی کیا بات ہے؟‘‘
’’لیکن جناب ! جب صبح میری آنکھ کھلی تو میں نے اپنی چٹائی چبا ڈالی تھی ‘‘۔
کسان نے معصومیت سے جواب دیا۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
مدد کا شکریہ …!
٭  ایک صاحبہ کا کافی بڑی رقم کا چیک یہ کہہ کر بنک کلرک نے واپس کردیا کہ پہلے کسی ایسے آدمی سے اپنی شناخت کروائیے جسے بنک جانتا ہے ۔
عورت فوراً باہر چلی گئی اور تھوڑی دیر بعد علاقہ کے پولیس انسپکٹر کو ساتھ لے آئی ۔ بنک کلرک کے پوچھنے پر پولیس انسپکٹر نے تصدیق کی کہ وہ اس عورت کو اچھی طرح جانتا ہے ۔ جب عورت چیک کی رقم لے کر رخصت ہوگئی تو بینک کلرک نے انسپکٹر سے کہا آپ کی مدد کا شکریہ ! محترمہ آپ کی کوئی عزیز ہیں ؟
پولیس انسپکٹر بولا ، ہرگز نہیں میں تو اس لئے جانتا ہوں کہ یہ کئی بار جعلی چیک بھنانے کے جرم میں جیل جاچکی ہیں !!
ایم اے وحید رومانی ۔ نظام آباد
………………………
مگر …!
٭  ایک فقیر نے گھر پر آواز لگائی اور کہا اماں ! بھوکے کیلئے کھانا ہے؟
اندر سے عورت نے کہا : ہے باوا ! مگر وہ بھوکا ابھی آفس سے نہیں آیا …!!
محمد حامداﷲ ۔ حیدرگوڑہ
………………………
پاگل کون؟
٭  ایک نیم پاگل شخص سے کسی نے ازراہِ مذاق پوچھا کہ بتاؤ ہندوستان کا دارالحکومت کونسا شہر ہے ؟
نیم پاگل شخص نے ہنس کر کہا ’’ناگپور ‘‘
محمد عبدالرزاق ۔ آصف نگر
………………………

TOPPOPULARRECENT