آئی آئی ٹی ریسرچ اسکالر محمد عدنان کو اعزاز،30نوبل لاریٹس سے ملاقات

,

   

نئی دہلی 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) علم ایک ایسا ہتھیار ہے جس کے ذریعہ بناء جنگ کے مذہبی تعصب، جانبداری، فرقہ پرستی، نسل پرستی اور ہر قسم کی بُرائیوں کو شکست دی جاسکتی ہے۔ علمی لیاقت کے ذریعہ اقوام عالم کے دل جیتے جاسکتے ہیں اور ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھولی جاسکتی ہیں۔ چنانچہ آئی آئی ٹی دہلی کے ایک مسلم ریسرچ اسکالر محمد عدنان نے حصول علم کے ذریعہ دنیا کو یہ بتادیا ہے کہ اپنی صلاحیتوں کے ذریعہ ہی آپ دنیا کو حقیقت میں اپنی مٹھی میں کرسکتے ہیں اور آپ پر اعزازات، انعامات و اکرامات کی بارش ہوسکتی ہے۔ اترپردیش کے اعظم گڑھ میں پیدا ہوئے محمد عدنان کے ساتھ ایسا ہی ہوا۔ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ۔ دہلی (آئی آئی ٹی ۔ ڈی) کے اس پی ایچ ڈی طالب علم کو باوقار لینڈاو نوبل لاریٹ میٹنگ میں حصہ لینے کے لئے منتخب کیا گیا۔ LINDAU نوبل لاریٹ میٹنگ میں صرف اور صرف انتہائی غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل سائنسدانوں کو مدعو کیا جاتا ہے جہاں انھیں سائنس کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے 30 نوبل لاریٹس سے ملاقات اور ان سے بات چیت کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ یہ اجلاس جرمنی کے شہر LINDAUI لینڈاو میں 30 جون تا 5 جولائی منعقد ہورہا ہے۔ محمد عدنان کو نامیاتی و غیر نامیاتی مرکبات کی اخراجی خصوصیات پر ان کی تحقیق کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔