راجستھان کے پوکھرن میں فوج نے ’غلطی سے‘ میزائل فائرکیا

,

   

آس پاس کے کھیتوں میں ملبہ گرا، واقعہ کی تحقیقات کے احکامات
جئے پور :راجستھان کے جیسلمیر میں پوکھرن رینج میں فوج کی ایک یونٹ کے فیلڈ فائرنگ مشق کے دوران میزائل غلطی سے فائر ہوگیا۔ ہندوستانی فوج کے مطابق، میزائل میں پرواز کے دوران دھماکہ ہوگیا، لیکن ملبہ آس پاس کے کھیتوں میں گر گیا۔فوج نے کہا کہ جان ومال کا کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ معاملے کی جانچ شروع کی گئی۔ فوج کے عہدیداروں نے کہا کہ کسی بھی اہلکار اور جائیداد کو کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ اس معاملے کی جانچ کی جارہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ، نو مارچ 2022 کو براہموس میزائل مس فائرنگ واقعہ کیلئے تین عہدیداروں کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا اور مرکزی حکومت نے ان کے خدمات کو فوری اثر سے ختم کردیا گیا ہے۔ عہدیداروںکو گزشتہ سال 23 اگست کو برخاستگی کے احکام دئے گئے ہیں۔ ہندوستانی فضائیہ نے یہ جانکاری دی ہے۔ انڈین ایئرفورس کے اہلکار نے بتایا کہ جن عہدیداروںکو برخاست کیا گیا ہے ، ان میں ایک گروپ کیپٹن ، ایک ونگ کمانڈر اور ایک اسکواڈرن لیڈر شامل ہیں۔ میزائل حادثاتی طور پر فائر ہوگیا تھا۔پاکستان میں گری میزائل سے کسی طرح کے کوئی جان و مال کا نقصان نہیں ہوا تھا۔ اس حادثہ کے معاملہ کو راجیہ سبھا میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اٹھایا تھا۔ اس دوران انہوں نے کہا تھا کہ 9 مارچ کو غلطی سے ایک میزائل لانچ کی گئی تھی۔