مہاراشٹرا اسمبلی کی تحلیل کا امکان ، سنجے راوت کا ٹویٹ

,

   

ممبئی: شیو سینا کے لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے راوت نے آج ٹویٹ کرکے مہاراشٹر اسمبلی کو تحلیل کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ راوت نے کہا کہ صبح میں نے ایکناتھ شنڈے سے ایک گھنٹہ بات کی۔ نہ ہم شنڈے کو چھوڑ سکیں گے نہ وہ۔ زیادہ سے زیادہ حکومت ہاریں گے لیکن ہم دوبارہ جیتیں گے۔مہاراشٹرا کے سیاسی بحران کے درمیان ممبئی پہنچنے والے کانگریس کے نگران کمل ناتھ نے کہا کہ وہ ابھی ادھو ٹھاکرے سے نہیں ملیں گے کیونکہ وہ کورونا مثبت ہیں۔کمل ناتھ نے کہا کہ وہ شرد پوار سے ملنے جا رہے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ مہاراشٹر میں جاری سیاسی ہلچل کے درمیان کانگریس پارٹی نے کمل ناتھ کو مبصر بنایا ہے۔ اس سے پہلے مہاراشٹر حکومت پر بحران کے سلسلے میں کانگریس لیڈر اور ریاستی وزیر بالاصاحب تھوراٹ کی رہائش گاہ پر پارٹی لیڈروں کی میٹنگ ہوئی۔کمل ناتھ نے کہا کہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں تمام 44 ایم ایل ایز نے حصہ لیا۔ادھر مہاراشٹر میں جاری سیاسی بحران کے درمیان، گورنر بی ایس کوشیاری نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ جو بھی ان سے رابطہ کرنا چاہتا ہے وہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ایسا کر سکتا ہے۔ راج بھون کی طرف سے جاری بیان کے مطابق گورنر بی ایس کوشیاری کو کورونا وائرس کی علامات کے ساتھ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘‘گورنر میں کووڈ کی علامات ہیں۔ اسی وجہ سے انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان کی حالت مستحکم ہے اور ان کا چارج کسی دوسرے گورنر کو سونپنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ اگر کوئی گورنر سے رابطہ کرنا چاہتا ہے تو وہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ایسا کرسکتاہے۔

چیف منسٹر ٹھاکرے مستعفی ہونے تیار
باغی شنڈے کا دوتہائی اکثریت کا دعویٰ
ممبئی : مہاراشٹرا میں اپنی حکومت کیلئے خطرہ پیدا کرچکی بغاوت کا سامنا کرنے والے ادھوٹھاکرے نے آج کہاکہ وہ کسی بھی وقت استعفیٰ دینے کیلئے تیار ہیں لیکن فوری اعلان سے گریز کیا۔ چیف منسٹر نے پارٹی قائدین سے جذباتی خطاب میں کہا کہ عہدے آتے اور جاتے ہیں لیکن کیا آپ مجھ سے وعدہ کرسکتے ہیں کہ اگلا چیف منسٹر شیوسینا سے ہی ہوگا۔ یہ ریمارک ایکناتھ شنڈے زیرقیادت شیوسینا قائدین کیلئے ہے جو بی جے پی کے نام پر موجودہ حکومت گرانا چاہتے ہیں۔ شنڈے 21 دیگر پارٹی ایم ایل ایز کے ساتھ منگل کو گجرات کے سورت پہنچے اور وہاں سے چہارشنبہ کو آسام پہنچ گئے۔ دونوں ریاستیں بی جے پی زیرحکمرانی ہیں۔ شنڈے نے آج دعویٰ کیا کہ انہیں شیوسینا کے دوتہائی یا 40 ایم ایل ایز اور 6 آزاد ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔