کولکتہ میں آج ترنمول کانگریس کی میگا اپوزیشن اتحاد ریلی

,

   

۔20 جماعتوں کے قائدین کی شرکت ۔ ممتابنرجی کو بی جے پی کی متبادل کے طور پر پیش کرنا پارٹی کی حکمت عملی

کولکتہ 18 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکز میں اہم موقف حاصل کرنے کے عزم کے ساتھ ترنمول کانگریس نے کل ہفتہ 19 جنوری کو اپوزیشن کی ریلی کی تیاریاں مکمل کرلی ہیںجس میں کئی جماعتوں کے قائدین شرکت کرنے والے ہیں۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ و چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے دعوی کیا ہے کہ کل منعقد ہونے والی اپوزیشن کی ریلی لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی ۔ امید کی جا رہی ہے کہ 20 اپوزیشن جماعتوں کے قائدین اس ریلی میں شرکت کریں گے ۔ یہ ریلی کولکتہ کے بریگیڈ پریڈ گراونڈ پر منعقد ہونے والی ہے ۔ بی جے پی کی غلط حکمرانی کے خلاف اپوزیشن کے اتحاد کو ظاہر کرنے یہ ریلی منعقد ہو رہی ہے ۔ ترنمول کانگریس کو امید ہے کہ وہ اس ریلی ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرکے پارٹی سربراہ ممتابنرجی کو ایک ایسی لیڈر کے طور پر پیش کرنے میں کامیاب ہوگی جو دوسری جماعتوں کو ساتھ لے کر چل سکتی ہیںاور وہ بی جے پی کیلئے آئندہ لوک سبھا انتخابات کے بعد ایک چیلنج کے طور پر ابھر سکتی ہیں۔ ممتابنرجی نے ہی سب سے پہلے اپوزیشن کی اس ریلی کا منصوبہ تیار کیا تھا ۔ انہوں نے کل کہا تھا کہ علاقائی جماعتیں لوک سبھا انتخابات میں فیصلہ کن موقف کی حامل ہونگی ۔ ممتابنرجی کا دعوی ہے کہ یہ بی جے پی کی غلط حکمرانی کے خلاف یونائیٹیڈ انڈیا ریلی ہوگی ۔ یہ بی جے پی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔ بی جے پی کی نشستوں کی تعداد میں کافی کمی آئے گی اور علاقائی جماعتیں زیادہ تعداد میں نشستیں حاصل کرینگی ۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی جماعتیں ہی در اصل وفاقی جماعتیں ہیں۔ یہی جماعتیں انتخابات کے بعد فیصلہ کن موقف کی حامل ہونگی ۔ امکان ہے کہ مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلی اروند کجریوال ‘ ایچ ڈی کمارا سوامی ‘ این چندرا بابو نائیڈو کے علاوہ سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا ‘ سابق وزرائے اعلی فاروق عبداللہ ‘ عمر عبداللہ ‘ اکھیلیش یادو ‘ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو ‘ ڈی ایم کے لیڈر ایم کے اسٹالن اور بی جے پی کے ناراض رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا اور دوسرے بھی اس ریلی میں شرکت کرینگے ۔ لوک سبھا میں قائد اپوزیشن اور کانگریس لیڈر ملکارجن کھرگے اور ان کی پاری کے ساتھی ابھیشیک مانو سنگھوی بھی ریلی میں شصرکت کرنے والے ہیں۔ بی ایس پی کے جنرل سکریٹری ستیش چندرا مشرا ‘ این سی پی سربراہ شرد پوار ‘ آر ایل ڈی کے اجیت سنگھ ‘ پاٹیدار لیڈر ہارک پٹیل ‘ دلت لیڈر جگنیش میوانی کے علاوہ سابق مرکزی وزرا یشونت سنہا اور ارون شوری بھی اس ریلی میں شریک رہیں گے ۔

بی جے ڈی اپوزیشن ریلی میں شرکت نہیں کریگی
بھوبنیشور 18 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) بیجو جنتادل امکان ہے کہ کل کولکتہ میں منعقد ہونے والی ترنمول کانگریس کی اپوزیشن ریلی میں شرکت نہیں کریگی ۔ بی جے ڈی کے ترجمان پی کے دیب نے کہا کہ ان کی پارٹی بی جے پی اور کانگریس دونوں سے 2009 سے ہی مساوی فاصلہ رکھے ہوئے ہے ۔ تاہم تمام علاقائی جماعتوں کیلئے یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ کل کولکتہ میں منعقد ہونے والی اپوزیشن جماعتوں کی ریلی میں شرکت کریں۔

ممتابنرجی کی مہم کو راہول گاندھی کی حمایت
نئی دہلی ،18جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس صدر راہول گاندھی نے اپوزیشن پارٹیوں کو متحد کرنے کے لیے ترنمول کانگریس کی سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی کی مہم کو حمایت دینے کا اعلان کیاہے ۔گاندھی نے محترمہ کو خط لکھ کر کہا،‘‘میں اتحاد کا مظاہرہ کرنے کے لیے ممتا دیدی کو اپنی حمایت دیتاہوں اور امیدکرتاہوں کہ اس موقع پر ہم متحد ہندستان کا بھرپور پیغام دیں گے ۔ ’’انھوں نے کہا،‘‘ہم بنگال کے عظیم لوگوں کی تعریف کرتے ہیں جو اس ملک کی اقدار کے تحفظ کے لیے ہمیشہ سب سے آگے رہے ہیں ۔’’ کانگریس صدر نے کہاکہ ملک بھر کے لوگوں میں مودی حکومت کے جھوٹ اور کھوکھلے وعدوں کی وجہ سے مایوسی اور ناراضگی ہے ۔یہ لوگ نئے کل کی امید لگائے ہوئے ہیں ۔ایسا کل جس میں ہر فرد،خواتین و بچوں کی آواز سنی جائے گی اور اسکا احترام کیاجائیگا چاہے وہ کسی بھی مذہب ،علاقہ یا طبقے کا ہو۔ انھوں نے کہاکہ پوری اپوزیشن اس بات پر متفق ہے کہ قوم پرستی اور ترقی کو جمہوریت ،سماجی انصاف اور سیکولرازم کے دم پر ہی مضبوط کیا جاسکتاہے جبکہ بھارتیہ جنتاپارٹی اور مسٹر مودی انھیں تباہ کرنے میں مصروف ہیں ۔