یوپی میں بی جے پی کی کامیابی کیلئے آر ایس ایس متحرک

,

   

ریاست میں 1.5 کروڑ بی جے پی ارکان میں اضافہ کی حکمت عملی شروع۔تشہیری مہم کا آغاز

حیدرآباد۔13اکٹوبر(سیاست نیوز) اترپردیش انتخابات کی کمان آر ایس ایس نے سنبھال لی ہے۔ اترپردیش میں انتخابی تیاریوں اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو کامیاب بنانے کیلئے آر ایس ایس میدان میں اتر چکا ہے اور اس سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کے دوران آر ایس ایس قائدین نے اترپردیش بی جے پی کی انتخابی حکمت عملی کی تیاری کے اقدامات شروع کردئیے ہیں۔ آر ایس ایس اور بی جے پی کے اترپردیش کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کے دوران کئے گئے فیصلہ کے مطابق ریاست میں اب جو تشہیری مہم بی جے پی کیلئے چلائی جائے گی اس میں ’’سوچ ایماندار‘ کام دم دار ‘‘ کا نعرہ لازمی طور پر شامل ہوگا اور انتخابات سے قبل یوپی میں بی جے پی کی رکنیت سازی مہم کے ساتھ آر ایس ایس کارکنوں کو متحرک کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی جو کہ 20اکٹوبر کو کشی نگر ائیرپورٹ کا افتتاح انجام دینے والے ہیں، اس افتتاح کو میگاشو کے طور پر استعمال کرنے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔ آر ایس ایس کی جانب سے تیار کردہ منصوبہ میں کہا گیا ہے کہ انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے قبل یو پی میں بی جے پی میں 25لاکھ نئے ارکان بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ یوپی میں موجود 1.5کروڑ بی جے پی ارکان کو فوری اثرکے ساتھ متحرک کرنے اور ان کے فون نمبرات کو درست کرنے کے علاوہ انہیں پارٹی کی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہے۔ اترپردیش آر ایس ایس کے سرکردہ قائدین انیل کمار اور مہندر کمار کے ہمراہ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کے علاوہ بی ایل سنتوش‘ دھرمیندر پردھان ،سوتنتر دیو سنگھ اور سنیل بنسل نے اس اجلاس کے دوران مختلف امور پر غور و خوض کے بعد یوپی انتخابات میں آر ایس ایس کی حکمت عملی پر لازمی عمل آوری کے ذریعہ انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اجلاس کی خصوصیت یہ رہی کہ آر ایس ایس اور بی جے پی قائدین کے اجلاس میں یوپی کے ایڈیشنل چیف سکریٹری نونیت سہگل بھی موجود تھے جو کہ ریاستی حکومت کی تشہیری مہم اور تعلقات عامہ کی ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔
یوپی کے مدرسوں میں ریاضی ، سائنس لازمی
لکھنؤ : اترپردیش کے مسلمہ مدرسوں کے نصاب تعلیم میں ابتدائی ریاضی، تاریخ اور ابتدائی سائنسی علوم کے ساتھ ساتھ سماجی علوم بھی لازمی مضامین کے طور پر شامل کئے جارہے ہیں۔ این سی ای آرٹی نصاب کے مطابق آئندہ تعلیمی سال سے یو پی بورڈ آف مدرسہ ایجوکیشن نے ان مضامین کو لازمی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ کس حد تک کامیاب ہوگا ، آنے والا وقت بتائے گا۔