آج جمعۃ الوداع ‘ تاریخی مکہ مسجد میں نماز کے پیش نظر پرانے شہر میں ٹریفک تحدیدات

   

حیدرآباد: 20 اپریل (سیاست نیوز) جمعۃ الوداع کے موقع پر مکہ مسجد میں نماز کی ادائیگی کے موقع پر ٹریفک پولیس سے پرانے شہر میں ٹریفک تحدیدات عائد کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر چارمینار تا مدینہ، چارمینار تا مرغی چوک، چارمینار تا راجیش میڈیکل ہال شاہ علی بنڈہ کی مین روڈ صبح 9 بجے تا سہ پہر 3 بجے عام ٹریفک کیلئے بند رہیں گے۔ ٹریفک پولیس نے مدینہ جنکشن، ہمت پورہ، چوک میدان، موتی گلی، اعتبار چوک، سحر باطل کمان، لکڑکوٹ (قدیم پولیس کمشنر آفس) کے راستوں پر ٹریفک تحدیدات عائد کئے ہیں اور کئی جگہوں پر ٹریفک کا رُخ موڑ دیا جائیگا۔ جمعۃ الوداع کے موقع پر تاریخی مکہ مسجد میں نماز کی ادائیگی کیلئے آنے والے مصلیوں کی گاڑیوں کی پارکنگ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ مدینہ، پتھر گٹی سے آنے والے مصلیوں کی گاڑیاں گلزار فنکشن ہال میں پارک کی جاسکتی ہیں جبکہ یاقوت پورہ، نورخاں بازار، تالاب کٹہ اور دبیرپورہ سے آنے والے مصلیوں کی گاڑیوں کی پارکنگ مفید الانام گراؤنڈ میں پارک کی جاسکتی ہیں۔ اسی طرح چندرائن گٹہ اور فلک نما سے آنے والے مصیلیوں کی گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام چارمینار بس ٹرمینل میں ہے جبکہ سنتوش نگر، تالاب گٹہ اور مغل پورہ سے آنے والے مصلیوں کی گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام چارمینار یونانی ہاسپٹل میں کیا گیا جبکہ مصری گنج، فتح دروازہ، حسینی عالم اور پرانا پل سے آنے والے مصلیوں کی گاڑیوں کی پارکنگ خلوت گراؤنڈ میں کی جاسکتی ہے ۔ کشن باغ، بہادر پورہ سے آنے والے مصلیوں کی گاڑیوں کی پا رکنگ قدیم پنشن آفس اور اُردو مسکن میں کی جاسکتی ہے۔ جی ایچ ایم سی سردار محل میں صرف پولیس عہدیداروں کی گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام رہے گا۔ اسی طرح جامع مسجد سکندرآباد میں جمعۃ الوداع کے موقع پر سبھاش روڈ سکندرآباد اور باٹا چوراہا کے قریب ٹریفک تحدیدات صبح 9 بجے تا دوپہر 1 بجے تک رہیں گی۔ ان تحدیدات کے پیش نظر ٹریفک کے ایڈیشنل کمشنر پی سدھیر بابو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک تحدیدات کے پیش نظر مقررہ مقامات پر پہنچنے متبادل راستے اختیار کریں۔