وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے میوزیم کا دورہ کیا ، تاریخی نوادارات کے تحفظ پر زور
حیدرآباد : 19 اگست ( سیاست نیوز)تلنگانہ حکومت نے پبلک گارڈن نامپلی میں واقع تلنگانہ اسٹیٹ آرکیالوجی میوزیم کی بڑے پیمانہ پر تزئین نو کا منصوبہ بنایا ہے ۔وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے عہدیداروں کیساتھ آرکیالوجی میوزیم کا دورہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میوزیم کی تاریخی اہمیت اور اس کے روایتی ورثہ کی بحالی کے ذریعہ اسے ایک اہم سیاحتی مرکز میں تبدیل کیا جائے گا ۔ جوپلی کرشنا راؤ نے میوزیم کی مختلف گیلاریز کا معائنہ کیا جہاں انتہائی قدیم اور نادر مجسمے اور پینٹنگس موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میوزیم کو ترقی دیتے ہوئے اسے سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کیلئے عہدیداروں کو جامع منصوبہ تیار کرنا چاہیئے ۔ میوزیم میں 2500 قبل مسیح کی مصری ممّی عوام کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے ۔ ریاستی وزیر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ میوزیم میں موجود نوادرات کا تحفظ کرتے ہوئے آنے والی نسلوں کیلئے سرمایہ تیار کریں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مصری ممی کے تحفظ کیلئے 82لاکھ کے سرمایہ سے منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ جرمنی کے ماہرین کی سفارش پر یہ منصوبہ تیار کیا گیا ۔ریاستی وزیر نے فنڈس کی عاجلانہ اجرائی کا تیقن دیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کیلئے میوزیم کو ایک اہم مرکز میں تبدیل کرنا چاہتی ہے ۔انہوں نے میوزیم میں موجو د تاریخی نوادارت کے کلکشن کے بارے میں بڑے پیمانہ پر تشہیر کی سفارش کی ۔ انہوں نے ڈائرکٹر آرکیالوجی کو ہدایت دی کہ عمارت کی تزین نو اور مرمتی کاموں کا منصوبہ تیار کریں ، تاکہ میوزیم کو ریاست کے اہم سیاحتی مرکز میں شامل کیا جاسکے ۔ انہوں نے ڈائرکٹر آرکیالوجی ارجن راؤ کو اندرون ایک ہفتہ ترقیاتی منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت دی تاکہ فوری طور پر فنڈس جاری کئے جاسکیں۔ 1/S/m/b