الیکشن کمیشن کیخلاف مظاہرے میںانڈیا اتحاد کی شرکت،چیف الیکشن کمشنر کے استعفیٰ کے مطالبہ کیساتھ دھرنا
نئی دہلی، 7 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس اور انڈیا اتحاد کی دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے مسلسل دوسرے دن چہارشنبہ کو یہاں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ کے مطالبہ کو لیکر مظاہرہ کیا۔ اس دوران پولیس نے کانگریس لیڈر راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا سمیت کچھ دیگر رہنماؤں کو حراست میں لے لیا۔ بعد میں انہیں رہا کر دیا گیا۔ گاندھی اور اتحاد کے کچھ دیگر رہنماؤں کو منگل کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔ اتحاد کے رہنما آج مظاہرے کیلئے بس میں سوار ہو کر جنتر منتر جا رہے تھے ، لیکن پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کرکے انہیں پہلے ہی روک دیا، جس کے بعد وہ وہیں سڑک پر دھرنے پر بیٹھ گئے ۔ پولیس نے کچھ دیر بعد گاندھی، واڈرا اور دیگر رہنماؤں کو حراست میں لے لیا۔ پولیس گاندھی کو بارہ کھمبا روڈ تھانے لے گئی، جہاں کچھ دیر بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔ منگل کو دونوں رہنماؤں کو کنگز وے کیمپ پولیس تھانے میں حراست میں رکھنے کے بعد دیر رات رہا کیا گیا تھا۔ آج کے مظاہرے میں بھی انڈیا اتحاد کی کئی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ شامل ہوئے ۔ چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کے مطالبے کو لے کر جنتر منتر پہنچنے سے پہلے روکے جانے کے بعد ارکان پارلیمنٹ نے وہیں دھرنا دیا۔ پولیس گاندھی اور واڈرا کو دھرنے کی جگہ سے زبردستی اٹھا کر لے گئی۔ واڈرا نے پہلے وہاں سے ہٹنے سے انکار کیا اور وہ زمین پر لیٹ گئیں۔ بعد میں پولیس اہلکار انہیں زبردستی اٹھا کر بارہ کھمبا روڈ پولیس تھانے لے گئے ۔ حراست میں لیے جانے کے بعد گاندھی نے کہا، “گیانیش کمار کے استعفیٰ دینے تک مظاہرہ نہیں رکے گا۔ ہم تب تک مظاہرہ نہیں روکیں گے ، جب تک گیانیش کمار استعفیٰ نہیں دیتے ۔ یہ ملک کی سب سے مقدس چیز کی حفاظت کی لڑائی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ جو کچھ کر سکتے ہیں، کریں، لیکن وہ ہمیں روک نہیں سکتے ۔ ہم احتجاج کرتے رہیں گے ۔” انہوں نے کہا کہ یہ لڑائی آئین اور عوام کی آواز کی حفاظت کیلئے ہے اور اس کیلئے ذمہ دار لوگوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا، “ظالم جب جب ظلم کرے گا، اقتدار کے ایوانوں سے چپہ چپہ گونج اٹھے گا انقلاب کے نعروں سے ۔” واڈرا نے کہا، “الیکشن کمیشن سے ملنے کا مطالبہ کر رہے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ پولیس نے مارپیٹ کی۔ خاتون پولیس اہلکاروں نے مجھے زمین پر گرا دیا ہے اور مجھے کئی جگہ خراشیں آئی ہیں۔ کچھ بھی ہو جائے ، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ عوام کے حق کیلئے لڑتے رہیں گے ۔” پولیس کی جانب سے زبردستی اٹھائے جانے پر واڈرا نے کہا، “یہ کوئی طریقہ نہیں ہے ۔ ملک دیکھ رہا ہے … کیا ہو رہا ہے ۔” انہوں نے کہا کہ یہ لڑائی صرف ان کے بارے میں نہیں، بلکہ جمہوریت کے مستقبل کے بارے میں ہے ۔ گاندھی اور واڈرا کو حراست میں لیے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ چاہے کتنے بھی مقدمے کرنے دو، کتنا بھی ڈرانے دو، ہم ڈرنے والے نہیں ہیں، ہنستے رہیں گے اور آگے بڑھتے رہیں گے ۔
ہر ایف آئی آر میرے لئے تمغہ ہے: راہول
نئی دہلی ۔ 7 اکٹوبر (ایجنسیز) کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے آج کہا کہ ان کے خلاف درج رجسٹر ہر ایف آئی آر میرے سینے پر تمغہ کے مترادف ہے اور ادعا کیا کہ وہ دستور کے تحفظ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ گزشتہ روز دہلی پولیس نے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کیا ۔ اس پس منظر میں راہول گاندھی نے یہ تبصرہ کیا ہے۔ کانگریس ایم پی پرینکا گاندھی اور حامیوں کے خلاف بھی آکاش وانی بھون احاطہ میں غیرمجاز داخلہ پر یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔