کاکروچ جنتا پارٹی کی 10اکتوبر کو نوجوانوں سے دہلی پہنچنے کی اپیل

,

   

نئی دہلی، 7 اکتوبر (یو این آئی) کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) نے چہارشنبہ کو اعلان کیا کہ وہ آئندہ 10 اکتوبر کو یہاں جنتر منتر پر نوجوانوں کے ایک بڑے مظاہرے کا انعقاد کرنے جا رہی ہے ۔ پارٹی کے مطابق یہ مظاہرہ ووٹر فہرستوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور الیکشن کمیشن کے کام کاج میں وسیع اصلاحات کے مطالبے کو لے کر منعقد کیا جا رہا ہے ۔ سی جے پی کے چیف ترجمان سورَو داس نے بتایا کہ اس سلسلے میں پارلیمنٹ اسٹریٹ تھانے کی پولیس کو باضابطہ اطلاع دے دی گئی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ صرف پولیس کو دی گئی پیشگی اطلاع ہے ، اجازت کیلئے کوئی درخواست نہیں۔ داس نے پولیس سے اجازت لینے کے سوال پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا، “براہ کرم ‘اجازت’ لفظ کا استعمال نہ کریں۔ ہمیں اجازت دینے والی دہلی پولیس کون ہوتی ہے ؟” پولیس نے اطلاع قبول کر لی ہے اور منتظمین سے حلف نامہ لے کر تمام ضروری رسمی کارروائیاں مکمل کر لی ہیں۔ اس مظاہرے کی وجوہات واضح کرتے ہوئے سی جے پی کے ترجمان نے کہا کہ ملک کے نوجوان “ووٹوں کی چوری”، “انتخابات کے اغوا” اور الیکشن کمیشن کی جانب سے جن زی کے نام ووٹر فہرست میں شامل نہ کیے جانے سے بہت پریشان ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ تحریک صرف چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے تک محدود نہیں رہے گی۔ پارٹی کے اہم مطالبات میں چیف الیکشن کمشنر کا استعفیٰ اور ان کے خلاف قانونی کارروائی، ووٹر فہرست کی خصوصی گہری نظرثانی، جنوری 2025 کی ووٹر فہرست بحال کرنا اور الیکشن کمیشن میں تقرریوں سے متعلق قانون میں ترمیم شامل ہے ۔ داس نے کہا، “اگر گیانیش کمار استعفیٰ دے بھی دیتے ہیں، تب بھی ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہم الیکشن کمیشن میں وسیع اور ٹھوس اصلاحات چاہتے ہیں۔اس پریس کانفرنس میں آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن، آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن، اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا اور ایسوسی ایشن آف اسٹوڈنٹس فار آلٹرنیٹو پولیٹکس جیسی اہم طلبہ تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ آئیسا کی صدر نیہا بورا نے کہا، “یہاں کوئی تقسیم نہیں ہے ۔ یہ لڑائی ہندوستان کی عوام بمقابلہ بی جے پی کی ہے ۔ اگر ہم متحد ہو کر لڑیں گے تو اس کا اثر پڑے گا۔” ایس ایف آئی کے آدرش شاجی نے الیکشن کمیشن پر جمہوریت کو کمزور کرنے کا الزام عائد کیا۔
داس نے ملک بھر کے نوجوانوں سے دہلی پہنچنے کی اپیل کرتے ہوئے ‘چلو دہلی’ کا نعرہ دیا اور کہا، “اپنی اپنی ٹکٹیں بک کریں اور بیگ پیک کر لیں۔ یہ لڑائی طویل اور مشکل ہونے والی ہے ۔”