آصف آباد واقعہ ! اقلیتوں کے نقصان کی پابجائی کروائی جائے

   

خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ، جمعیۃ العلماء عادل آباد کے وفد کی کلکٹر سے نمائندگی

عادل آباد۔ 6 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) متحدہ ضلع عادل آباد کے آصف آباد حلقہ اسمبلی کے جینور منڈل مستقر پر گزشتہ روز شرپسندوں کی جانب سے پیش آئے واقعہ جس میں مسلمانوں کی املاک اور مساجد کو نقصان پہنچایا گیا جس کی مذمت کرتے ہوئے عادل آباد جمعیۃ علماء صدر حافظ ابوبکر، مولانا اسلم، حافظ منظور احمد، حافظ شیخ احمد، حافظ جنید، حافظ ابرار نے عادل آباد ضلع کلکٹر راج رشی شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں تحریری یادداشت پیش کی اور خاطیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے اور مسلمانوں کے نقصان کردہ املاک کی پابجائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ جبکہ بی آر ایس پارٹی اقلیتی قائدین جس میں یونس اکبانی، سید ساجد الدین، سلیم پاشاہ، محمد اعجاز، بابو بھائی، فیروز خان نے ریاستی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ریاست میں نظم و نسق کو برقرار رکھنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی پولیس پر گرفت کمزور ہوچکی ہے جس کے بنا پر ہر روز ریاست میں شرپسند عناصر کا بول بالا ہو رہا ہے۔ جینور واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے یونس رکبانی، سید ساجد الدین نے پولیس پر الزام عائد کیا کہ پولیس کی موجودگی میں جینور کا تجارتی مارکٹ جس میں مسلمانوں کی دکانیں نذر آتش ہوتی رہیں لیکن پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ جینور میں قبائیلی خاتون کے زخمی ہونے کا واقعہ 31 اگست کو پیش آیا اس کے بعد منصوبہ بند طریقہ سے شرپسند عناصر نے 4 ستمبر کو مسلمانوں کی املاک کو نقصان پہنچایا۔ مساجد کی بے حرمتی کرتے ہوئے مساجد کی اشیاء کو نقصان پہنچایا گیا جبکہ ملزم فرد کو پولیس گرفتار کرتے ہوئے اپنے تحویل میں لے چکی تھی کسی ایک فرد کی وجہ تمام قوم کو نشانہ بنانا جس کو غیر درست قرار دیا۔ لا اینڈ آرڈر کی ناکامی میں ملوث پولیس عہدیداروں کے خلاف بھی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔