آن لائن گیمنگ کی لت نے پوسٹ ماسٹر کو مجرم بنادیا

   

بانسواڑہ ۔ 18 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی بانسوڑاہ میں آن لائن گیمنگ کے نشے نے ایک سرکاری ملازم کی زندگی تباہ کر دی۔ نصراللہ آباد منڈل کے دوڑکی گاؤں کے برانچ پوسٹ ماسٹر بھتولا مونیشور نے پوسٹ آفس سے تقریباً 12 لاکھ روپے کا فراڈ کیااور وہ ساری رقم آن لائن گیم میں ہار گیا۔ معاملہ پکڑے جانے پر اس نے رشتہ داروں سے 11.5 لاکھ جمع کر کے محکمے کو لوٹا دیئے، لیکن 42 ہزار باقی رہ گئے،بقیہ رقم کی وجہ سے 10 دن قبل مونیشور کو ڈیوٹی سے معطل کر دیا گیا،معطل ہونے کے بعد مونیشور باقی رقم کے لیے چوری پر اُتر آیا،وہ بانسوڑاہ قصبہ میں کرانہ تاجر بیجم رمیش، کے گھر پہنچا اور خود کو ایکسائز کانسٹیبل بتا کر رمیش سے ہاتھا پائی کی،رمیش گھر پر اکیلا تھا ،اس موقع کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے ملزم نے رمیش کو گرا کر اُن کے گلے سے 23 گرام کی سونے کی چین چھین لی اور بائیک پر فرار ہوگیا۔ بانسواڑہ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر لیا، پولیس نے اس کے قبضے سے چوری شدہ چین، بائیک اور موبائل فون برآمد کر لیا،اور عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ پر بھیج دیا۔ڈی ایس پی وٹھل ریڈی نے کہا کہ ملزم نے سرکاری عہدے کا غلط استعمال کیا،انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کوئی بھی شخص اگر سرکاری اہلکار بتا کر دھمکائے تو فوراً پولیس کو اطلاع دیں۔