آٹھ سال میں غیر باسمتی چاول کی سالانہ برآمدات میں 109 فیصد اضافہ

   

نئی دہلی: ہندوستان کی غیر باسمتی چاول کی سالانہ برآمد 2013-14 میں 2.93 بلین ڈالر کے مقابلے میں سال 2021-22 میں 109 فیصد بڑھ کر 6.12 بلین ڈالر ہوگئی۔تجارت و صنعت کی وزارت کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کمرشل انٹیلی جنس اینڈ سٹیٹسٹکس (ڈی جی سی آئی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2021-22 میں ہندوستان سے 150 سے زیادہ ممالک کو چاول برآمد کیا گیا۔ ان میں سے 76 ممالک کو چاول کی برآمدات دس لاکھ ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔ مرکزی وزیر تجارت اور صنعت پیوش گوئل نے ٹویٹر پربتایاکہ ہندوستان کی چاول کی برآمد (غیر باسمتی) میں 109 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ مودی حکومت کی اسکیمیں کسانوں کی عالمی منڈی تک رسائی بڑھانے اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد کر رہی ہیں۔ ڈی جی سی آئی ایس کے مطابق ہندوستان نے 2019-20 میں 2.02 بلین امریکی ڈالر، 2020-21 میں 4.8 بلین امریکی ڈالر اور 2021-22 میں 6.12 بلین امریکی ڈالر کے غیر باسمتی چاول برآمد کیے ہیں۔ سال 2021-22 میں اس نے سالانہ بنیادوں پر 27 فیصد کا اضافہ درج کیا۔ایگریکلچرل اینڈ پروسیسڈ فوڈ پروڈکٹس ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (اے پی ای ڈی اے ) کے چیئرمین ڈاکٹر ایم انگاموتھونے بتایاکہ اپنے غیر ملکی مشنوں کے تعاون سے ہم نے لاجسٹکس کی ترقی کے ساتھ ساتھ معیاری مصنوعات کی تیاری پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ اس سے ہندوستان کے چاول کی برآمد کے امکانات میں اضافہ ہوا ہے ۔’’