اردغان کا یوم ظفر کے موقع پر خصوصی پیغام

   

انقرہ: صدر ترکیہ رجب طیب ایردوان کا کہنا ہے کہ ترک قوم کل کی طرح آج بھی اپنے درخشاں مستقبل کی خاطر اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز وطن کے لیے قربانیاں دینے اور اس حوصلے کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہے ۔صدرنے 30 اگست یوم ِ ظفر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں ترک قوم کو اپنے شاندار ماضی کے سنہری موڑوں میں سے ایک 30 اگست یوم ِ ظفر کی 102 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اس عظیم فتح سے اپنی قوم کو ہمکنار کرانے والے جنگِ استقلال کے سپہ سالار غازی مصطفی ٰ کمال اتاترک ، قومی اسمبلی کے قابلِ احترام ارکان اور بہادر ترک فوج کے تمام جوانوں کی مغفرت کا دعاگو ہوں۔جناب اردغان نے ترکیہ، شمالی قبرصی ترک جمہوریہ اور دنیا کے چاروں گوشوں میں مقیم ترک شہریوں کو یومِ ظفر کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 30اگست کو حاصل کردہ افسانوی فتح کی بدولت ترک قوم نے اسے حقیر اور لاغر سمجھنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا تھا، اس نے ہر قیمت پر اپنی آزادی پر آنچ نہ آنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا دینے کا عالمی سطح پر مظاہرہ کیا تھا۔