اسرائیلی فوج کے مشرقی لبنان پر فضائی حملے

   

بیروت: اسرائیلی فوج نے جمعرات کو مشرقی لبنان کے بیکا علاقے میں کئی فضائی حملے کئے ۔لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیل نے مشرقی پہاڑی سلسلے میں قصایا، الشرا اور جنتا نامی گاؤوں کے باہری علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملے کیے ہیں۔اس کے علاوہ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جنوب مشرقی لبنان کے گاؤں کفر قلعہ پر تین بم گرائے گئے اور ایک اسرائیلی جنگی طیارے نے بعلبک شہر اور اس کے آس پاس کے علاقوں کی اونچی چوٹیوں پر سرپل پیٹرن میں پرواز کی۔لبنانی سیکیورٹی ذرائع نے ژنہوا کو بتایا کہ ‘‘اسرائیلی جنگی طیاروں نے بعلبک کے قریب مشرقی پہاڑی علاقوں میں فضا سے زمین پر مار کرنے والے چھ میزائل داغے ’’۔ اس کے علاوہ انہوں نے کوئی اور معلومات نہیں دیں۔ اس دوران اسرائیلی فوج نے جمعرات کو کہا کہ اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے دن کے اوائل میں بیکا میں ‘‘حزب اللہ کی جانب سے اسٹریٹجک ہتھیاروں کی تیاری اور ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والی جگہ پر’’ فضائی حملے کیے تھے ۔واضح رہے کہ 27 نومبر 2024 سے اسرائیل اور لبنان کے درمیان امریکہ اور فرانس کی ثالثی میں جنگ بندی معاہدہ نافذ العمل ہے ، جس سے غزہ جنگ کی وجہ سے حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان طویل عرصے سے جاری تنازع کا خاتمہ ہو ا ہے ۔ معاہدے کے باوجود، اسرائیلی فوج کبھی کبھار لبنان پر حملے کرتی ہے ، جس کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ وہ حزب اللہ کی جانب سے لاحق ‘خطرات’ سے نمٹنے کے لئے حملہ کررہی ہے ۔