اقلیتی طلبہ سے درخواستیں مطلوب، 31 مئی آخری تاریخ، ضلع اقلیتی آفیسر محمد عبدالقیوم کا بیان
محبوب نگر 8/مئی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )محبوب نگر اقلیتی طلبہ کو اعلیٰ عہدوں پر فائز ہونے اور اپنے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کا سنہری موقع ہے جس کا بھر پور استعمال کیا جانا وقت کا تقاضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار محبوب نگر کے ضلع اقلیتی بہبود آفیسر محمد عبدالقیوم نے پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے اقلیتوں (مسلم، عیسائی، سکھ، جین، بدھ اور پارسی) کو ملک کے اعلیٰ ترین عہدوں جیسے آئی. اے.ایس، آئی. پی. ایس، آئی. ایف. ایس، آئی. آر.ایس ودیگر عہدوں پر ملازمت حاصل کرنے کیلئے مفت کوچنگ کا آغاز کیا ہے جس کیلئے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ محمد عبدالقیوم نے کہا کہ اس سال کوچنگ پر و گرام کو مزید موثر بنانے اور طلبہ کو آسانی فراہم کرنے کیلئے ڈیجیٹلائیز کلاس رومس، لائبریری، انٹرنیٹ اور وائی فائی سہولیات کا نظم کیا گیا ہے، علاوہ ازیں طلبہ کے قیام کی سہولت کی تجویز بھی زیر غور ہے، تاکہ اقلیتی طلبہ کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم ہوسکیں۔ ضلع اقلیتی بہبود آفیسر ،محبوب نگر نے کوچنگ کی اہلیت بتاتے ہوئے کہا کہ امیدواروں کا تعلق اقلیتی طبقات اور ریاست تلنگانہ سے ہو، امیدوار کسی بھی گروپ (جنرل/ پروفیشنل) سے ڈگری کامیاب ہو، والدین/سرپرستوں کی سالانہ آمدنی پانچ لاکھ روپئے سے تجاوز نہ ہو۔ اہل امیدواروں کا انتخاب ایک اسکریننگ ٹسٹ کے ذریعہ میرٹ کی اساس پر کیا جائے گا۔ انہوں نے ضلع محبوب نگر کے اہل اقلیتی طلبہ سے خواہش کی کہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آن لائن ویب سائٹ (https://cet.cgg.gov.in/tmreis پر اپنی درخواست داخل کریں۔ اسکرینگ ٹسٹ کیلئے درخواستوں کے آن لائن ادخال کی تواریخ 07.05.2026 تا 31.05.2026 مقرر کی گئی ہے۔ اسکریننگ ٹیسٹ 14/ جون 2026 ( اتوار) ٹمریز اسکول بوائز-2 نیو ٹاؤن، محبوب نگر میں منعقد کیا جائے گا۔ ضلع اقلیتی بہبود آفیسر، محبوب نگر، محمد عبدالقیوم نے اقلیتی نوجوانوں اور انجمنوں، اداروں ، تنظیموں و سوسائیٹئیوں سے اپیل کی کہ اس سنہری موقع سے استفاد ہ حاصل کرنے کیلئے اقلیتی نوجوانوں میں شعور بیداری پیدا کریں اور انہیں اس جانب توجہ کرتے ہوئے استفادہ حاصل کرنے کی ترغیب دیں۔مزید تفصیلات کیلئے فون نمبر 04023236112 پر یا ضلع اقلیتی بہبود آفیسر، کمرہ نمبر 205، IDOC، کلکٹریٹ کمپلیکس، محبوب نگر میں تمام ایام کار کے دوران صبح 10.30 تا شام 05:00 بجے ربط کیا جا سکتا ہے۔