افغانستان میں سیکنڈری اسکولوں کو بند کرنے کے خَلاف طالبات کا سڑکوں پر احتجاج

   


کابل: افغان صوبے پکتیا میں طالبان کی جانب سے 5 سیکنڈری اسکولوں کو بند کرنے کے خلاف طالبات سڑکوں پر نکل آئیں اور شدید نعرے بازی کی۔ میڈیا کے مطابق افغانستان میں طالبان حکومت نے اپنے قیام کے ایک سال بعد شدید عالمی دباؤ پر مارچ میں سیکنڈری اسکول کھول دیئے تھے تاہم دوسرے ہی روز تاحکم ثانی بند کردیئے۔چند روز قبل صوبے پکتیکا کے گردیز شہر میں مقامی قبائلی عمائدین اور پرنسپل کے ساتھ ہونے والے کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں 5 سیکنڈری اسکولوں کو کھول دیا گیا تھا تاہم طالبان اہلکاروں نے ان اسکولوں کو دوبارہ بند کرادیا۔جس پر افغان صوبے پکتیا میں درجنوں لڑکیوں نے احتجاج کیا ہے۔ طالبات نے اسکول کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے شرعی حجاب، خواتین اساتذہ اور لڑکیوں کے علیحدہ کلاسوں کے انتظام کی تمام شرائط مکمل کیں اس لیے اسکول کو بند کرنا درست نہیں۔