اقربا پروری کے خلاف بی ایس پی کارکنوں کا احتجاج

   

لکھنؤ۔ 26 جون(سیاست ڈاٹ کام) بی ایس پی سربراہ مایاوتی کے ذریعہ بھائی اور بھتیجے کو پارٹی کے اعلی عہدہ دینے سے ناراض پارٹی کارکنو ں نے لکھنؤ میں واقع بی ایس پی کے دفتر پر اقربا پروری کے خلاف اپنا احتجاج درج کرایا۔ یاد رہے کہ گذشتہ اتوار کو مایاوتی نے اپنے بھائی آنند کمار کو پارٹی کا نائب صدر اور بھتیجے آکاش کو نیشنل کوآرڈنیٹر نامزد کیا تھا۔ پارٹی سربراہ کے اس فیصلے سے ناراض کارکن آج ہیڈکوارٹر کے سامنے احتجاجاً پلے کارڈ لئے ہوئے تھے جن پر بی ایس پی زندہ باد اور کنبہ پرواری مردہ باد کے نعرے آویزاں تھے ۔

اپنا احتجاج درج کرانے آئے پارٹی کارکنوں کا کہنا تھا کہ بی ایس پی سربراہ نے اپنے بھائی آنند اور بھتیجے آکاش کو پارٹی کے اعلی عہدوں پر تعینات کر کے پارٹی کو کنبہ پروری کے دائرے میں قید کردیا ہے ۔اس سے پارٹی کارکنوں کو سخت زک پہنچا ہے ۔