ملت کیلئے تڑپ ، نسل نو کی رہنمائی کیلئے ادارہ سیاست کی خدمات قابل تقلید
نرمل ۔28 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آئیڈیل اسکول اسراء کالونی میں عازمین حج نرمل کی تہنیتی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست و رکن قانون ساز کونسل نے شرکت کی ۔ اس موقع پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے شیخ شبیر و ذیشان شیخ نے جناب عامر علی خان کی فلاجی ، سماجی ، تعلیمی خدمات بالخصوص نوجوانوں کو روزگار سے جوڑنے سیاست ہب کے قیام کے ساتھ ساتھ جاریہ SIR کے سلسلہ میں سیاست کی خدمات کی زبردست ستائش کرتے ہوئے اُنھیں تہنیت پیش کی گئی ۔ شیخ شبیر نے کہاکہ آج کے اس پرآشوب دور میں جہاں خودغرضی کا جذبہ پروان چڑھ رہا ہے ، ایسے ماحول میں نوجوان صحافی اخبار کو ایک تحریک کی شکل دیتے ہوئے آج ملت کے لئے جو ٹھوس اقدامات کررہے ہیں اس کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ یہ بے لوث خدمات کو ساری ریاست کے مسلمان دیکھ رہے ہیں ، ان میں ملت کے لئے تڑپ ہے اور وہ نسل نو کو مسلسل اپنی رہنمائی کے ذریعہ درخشاں مستقبل کی راہ بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھے ہوئے ہیں۔ شہر حیدرآباد سے ہٹ کر اضلاع کے طلباء و طالبات کی تعلیمی ذمہ داری بھی انھوں نے اُٹھا رکھی ہے ۔ آج اقلیتوں کی ایک اُمید بن کر عامر علی خان نے نوجوانوں کے دلوں میں اپنی ایک منفرد جگہ بنائی ہے۔ یقینا دوسروں کی تکلیف کو محسوس کرتے ہوئے جو انسان اُس کی مدد کے لئے آگے آتا ہے تو خدا کی نصرت بھی اُس شخص کے ساتھ ہوتی ہے ۔ ان کی ملت کے لئے تڑپ اور ٹھوس اقدامات کے تناظر میں صاحب استطاعت حضرات کو بھی آگے آتے ہوئے سماج کے بچھڑے ہوئے افراد کی مدد کرنا چاہئے ۔ اس موقع پر نرمل کے سینئر صحافی سید جلیل ازہر اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست اور محمد انیس احمد خان سینئر کانگریس قائد ، شیخ جبار این آر آئی ، محمد زاہد علی مالک اے آئی فنکشن ہال ، افتخار احمد ایڈوکیٹ و دیگر موجود تھے ۔