سکھ نمائندوں کی صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال سے ملاقات
حیدرآباد۔20۔اگسٹ (سیاست نیوز) حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور ملکاجگری اضلاع سے تعلق رکھنے والے سکھ طبقہ کے نمائندوں نے صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال سے ملاقات کی۔ انہوں نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کی اسکیمات میں سکھ طبقہ کی خواتین اور نوجوانوں کو مناسب حصہ داری کی درخواست کی۔ انہوں نے اقلیتوں کی بھلائی کیلئے فینانس کارپوریشن کی اسکیمات سے واقفیت حاصل کی۔ نوجوانوں ، خواتین اور دیگر زمرہ جات کیلئے معاشی ترقی کی اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے۔ عبید اللہ کوتوال اسکیمات کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہا کہ اقلیتی فینانس کارپوریشن تمام اقلیتی طبقات کی معاشی ترقی کے اقدامات کر رہا ہے۔ کارپوریشن کے ذریعہ نوجوانوں کو اسکل ڈیولپمنٹ کے تحت پیشہ ورانہ کورسس میں تربیت دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکیمات میں دیگر اقلیتی طبقات کے ساتھ سکھ طبقہ کو بھی موثر نمائندگی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اندراماں مہیلا یوجنا کے تحت خواتین کو صد فیصد سبسیڈی کے ذریعہ 50 ہزار روپئے کی امداد دی جارہی ہے ۔ اندراماں مہیلا شکتی اسکیم کے تحت خواتین میں سلائی مشین تقسیم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کے لئے الیکٹرک اسکوٹر اسکیم سے واقف کرایا۔ عبید اللہ کوتوال نے ایک غریب خاندان کے علاج کے اخراجات کے سلسلہ میں چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے تین لاکھ روپئے تک کے علاج کا مکتوب حوالے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے ذریعہ غریبوں کے علاج کیلئے موثر مدد کی جارہی ہے۔1/k