امجد اللہ خاں حیدرآباد سے ’ انڈیا ‘ اتحادکے امیدوار ہونگے ؟

   

اپوزیشن اتحاد کی جماعتوں کا غور۔ جلد فیصلہ کا امکان
حیدرآباد۔14جنوری(سیاست نیوز) مودی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے قومی سطح پر ’انڈیا‘ اتحاد میں مجلس بچاؤ تحریک کو شامل کرکے حیدرآباد لوک سبھا نشست ایم بی ٹی کیلئے چھوڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے! سرکردہ تلگو اخبار کی خبر کے مطابق مجلس بچاؤ تحریک تلنگانہ سے اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ کا حصہ بنے گی اور لوک سبھا انتخابات میں ترجمان امجد اللہ خان خالد کو اتحاد کے امیدوار کے طور پر پیش کیا جائیگا۔ رپورٹ کے مطابق انڈیا اتحاد میں شامل جماعتوں سے تمام امور کا جائزہ لینے کے ساتھ عام انتخابات میں حیدرآباد سے مقابلہ کیلئے تحریک سے بات چیت کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔ کہا جار ہاہے کہ اتحاد کی جماعتوں نے تلنگانہ انتخابات میں حیدرآباد کے حلقہ جات اسمبلی میں مجلس کے موقف اور دیگر جماعتوں کو ملنے والے ووٹ کا جائزہ لینے کے بعد غور شروع کردیا ہے کہ حیدرآباد سے مجلس کو سخت مقابلہ دینے تحریک کو اتحاد میں شامل کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق مجلس کی طاقت کو کمزور کرنے اور بی جے پی کو روکنے کئی کی تیاری کی جاچکی ہے اور مجلس بچاؤ تحریک کو اتحاد کا حصہ بنانے پر غور کیا جارہا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ کانگریس کی انتخابی حکمت عملی تیار کرنے والوں نے حیدرآباد کے حلقہ جات اسمبلی میں مخالف مجلس رجحانات کا جائزہ لینے کے علاوہ مجلسی قیادت کے متعلق عوام میں بدظنی اور اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ کے فیصد میں گراوٹ کو دیکھتے ہوئے سفارش کی ہے کہ مجلس بچاؤ تحریک کو ’انڈیا‘ اتحاد کا حصہ بناکر امجد اللہ خان خالد کو اتحاد کے امیدوار کے طور پر پیش کی جائے ۔ سیاسی ماہرین کا کہناہے بیرسٹر اسدالدین اویسی نے انتخابی مہم میں کئی بار راہول گاندھی کو حیدرآباد سے مقابلہ کا چیالنج کیا تھا ۔ ان کے چیالنج کا جواب کانگریس نے ایم بی ٹی کو انڈیا اتحاد میں شامل کرکے ہوئے مودی حکومت کے خلاف امیدوار کے طور پر پیش کرکے دینے کا اشارہ دیا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ شکست کے باوجود امجد اللہ خان کے عوام میں رہنے اور مسائل کے حل کیلئے اقدامات سے اپوزیشن اتحاد کی جماعتوں کے قائدین متاثر ہیں۔