امریکی سفیر کی جنوبی ہند کے سرکردہ صنعتکاروں کیساتھ ملاقات

   

مختلف شعبہ جات میں ہند۔امریکہ تعاون پر زور، تجارت اور دفاعی شعبہ میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ

حیدرآباد۔24۔اگسٹ (سیاست نیوز) ہندوستان میں امریکی سفیر سرجیو گور اور حیدرآباد میں امریکی کونسل جنرل لارا ولیمس نے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو اور ملک کے سرکردہ صنعت کاروں کے ساتھ تاریخی تاج فلک نما پیالیس میں اجلاس منعقد کیا۔ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تجارت اور دیگر شعبہ جات میں باہمی تعاون پر بات چیت کی گئی۔ امریکہ کی آزادی کے 250 ویں سال کی تکمیل پر منعقدہ عشائیہ میں جنوبی ہند کی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے صنعت کاروں نے شرکت کی جن میں ڈیفنس مینوفیکچرنگ ، سیمی کنڈکٹرس ، فارماسیوٹیکلس اور ٹکنالوجی کے اداروں کے نمائندے شامل تھے۔ امریکی سفیر نے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی اور معاشی سطح پر تعلقات میں استحکام کا حوالہ دیا اور کہا کہ امریکہ اور ہندوستان طویل عرصہ سے اہم شعبہ جات میں ایک دوسرے کے حلیف ہیں۔ ڈیفنس ٹکنالوجی ، لائیف سائنسیس اور خلائی تحقیق کے شعبہ میں دونوں ممالک کے اشتراک میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے صنعتی اداروں میں باہمی تجارت کے فروغ کی ضرورت ظاہر کی ۔ انہوں نے کہا کہ 2030 تک دونوں ممالک میں 500 بلین ڈالر کے تجارتی اشتراک کا نشانہ مقرر کیا گیا۔ امریکی کونسل جنرل لارا ولیمس نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹکنالوجی اور دیگر شعبہ جات میں اشتراک کیلئے تلنگانہ ، آندھراپردیش اور اڈیشہ اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں تجارتی اور دیگر سطح پر اشتراک کے لئے سازگار ماحول ہے اور ہند۔ امریکہ معاشی حصہ داری سے بہتر نتائج برآمد ہوں گے ۔ امریکی سفیر نے تلنگانہ ، آندھراپردیش اور اڈیشہ کے صنعت کاروں سے خواہش کی کہ وہ امریکی پالیسیوں سے استفادہ کرتے ہوئے تجارتی پارٹنرشپ اور سرمایہ کاری میں حصہ لیں۔1/k/i