ڈبل بیڈروم مکانات کا 20 مئی کو الاٹمنٹ
ریاستی وزراء کے ساتھ سرینواس ریڈی کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد ۔7۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ ہر غریب اور بے گھر خاندان کو اندراماں ہاؤزنگ کے تحت مکان الاٹ کیا جائے گا ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ تلنگانہ میں اراضی تنازعات کی یکسوئی کیلئے حکومت نے جامع حکمت عملی تیار کی ہے۔ سرینواس ریڈی نے متحدہ نلگنڈہ اور محبوب نگر اضلاع میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم اور اراضیات کے مسئلہ پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی ، نلگنڈہ کے انچارج وزیر اے لکشمن کمار ، ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، وی سری ہری ، جوپلی کرشنا راؤ ، حکومت کے مشیر جتیندر ریڈی اور نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ ڈاکٹر جی چنا ریڈی نے شرکت کی۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کو دیہی علاقوں کے بعد شہری علاقوں میں توسیع دی گئی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ حکومت غریبوں میں خوشحالی کے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندراماں ہاؤزنگ کے تحت زمین رکھنے والے خاندانوں کو مکان کی تعمیر کیلئے تین مراحل میں پانچ لاکھ روپئے کی امداد دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک چار لاکھ مکانات کی منظوری دی گئی ہے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کو اندراماں ہاؤزنگ اسکیم پر موثر عمل آوری کی نگرانی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ استفادہ کنندگان کے بینک اکاؤنٹ میں امدادی رقم راست منتقل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں ہاؤزنگ اسکیم کو نظر انداز کردیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ زیر تکمیل ڈبل بیڈروم مکانات کو 20 مئی کو استفادہ کنندگان کے حوالے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زیر تکمیل مکانات کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔1/k/m/b