نیویارک، 19جولائی (یو این آئی) فیفا ورلڈ کپ 2026تاریخ کا سب سے بڑا فٹبال ٹورنمنٹ ثابت ہوا ہے ، جس میں ٹیموں، میچوں اور مجموعی آمدنی کے ساتھ ساتھ انعامی رقم میں بھی ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 2022کے ورلڈ کپ کے مقابلے میں اس بار مجموعی انعامی فنڈ میں تقریباً 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں منعقدہ اس میگا ایونٹ کے لیے مجموعی انعامی فنڈ 65کروڑ 50 لاکھ ڈالر مقرر کیا گیا ہے ۔فیفا کے مطابق ورلڈ کپ 2026کی فاتح ٹیم کو 5کروڑ ڈالر جبکہ رنر اپ کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر انعامی رقم دی جائے گی، جو ورلڈ کپ کی تاریخ میں فاتح ٹیم کے لیے سب سے بڑی انعامی رقم ہے ۔تیسرے نمبر کے پلے آف میں فرانس کو 6-4سے شکست دے کر تیسرا مقام حاصل کرنے والی انگلینڈ کی ٹیم کو 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ملیں گے ، جبکہ چوتھے مقامپر رہنے والی فرانس کی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے ۔