حیدرآباد : /21 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے مارچ اور مئی میں منعقدہ عام اور ایڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات میں کامیاب طلبہ کیلئے واٹر پروف اور ہائی سیکوریٹی والے اصل پاس سرٹیفکیٹس اضلاع کو روانہ کردیئے گئے ہیں ۔ ریاست بھر کے تقریباً 4 لاکھ طلبہ کو یہ میموز فراہم کئے جارہے ہیں ۔ ماضی میں ستمبر یا اکٹوبر میں ملنے والے یہ سرٹیفکیٹس اس بار وقت پر جاری کئے جانے پر طلبہ اور سرپرستوں نے مسرت کا اظہار کیا ۔ ماضی میں حیدرآباد اور اضلاع میں سیلاب اور بارش سے میموز کے خراب ہونے یا بھیگ جانے کے واقعات پیش آئے تھے ۔ ان تجربات سے سبق حاصل کرکے بورڈ نے سرٹیفکیٹس کے کاغذ اور سیکوریٹی معیار میں تبدیلیاں کی ہیں ۔ نیا میمو واٹر پروف ہے اور اس کا کاغذ ایسا ہے جو آسانی سے پھٹتا نہیں ہے ۔ جعلسازی اورجعلی سرٹیفکیٹس کو مکمل ٹھپ کرنے اس بار 25 سیکوریٹی فیچرس شامل کئے گئے ہیں جبکہ ماضی میں ان کی تعداد صرف 15 تھی ۔ سرٹیفکیٹ پر طالب علم کی دو رنگین تصاویر پرنٹ کی گئی ہیں ایک عام تصویر اور دوسری سیکور یٹی کے مقصد کیلئے مخصوص (Coded) تصویر ہے ۔ ہر میمو پر QR کوڈ ایک بار کوڈ اور بورڈ کا اندرونی لوگو پرنٹ کیا گیا ۔ کچھ خفیہ حفاظتی نشانات ایسے شامل کئے گئے ہیں جو صرف الٹرا وائلٹ لائٹ سے ہی نظر آئیں گے ۔ بورڈ کا دعویٰ ہے کہ ان فیچرس کی موجودگی کی وجہ سے ڈپلکیٹ یا جعلی سرٹیفکیٹ بنانا ناممکن ہوچکا ہے ۔ بورڈ نے تمام ضلع انٹر ایجوکیشن دفاتر کو میموز روانہ کردیئے ہیں ۔ یہ میموز تمام جونیر کالج پرنسپلس کے سپرد ہونگے ۔ بورڈ کی سکریٹری ابھیلاشا ابھینو نے طلبہ اور والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے متعلقہ کالج کے پرنسپل سے رابطہ کرکے اپنے اصل پاس سرٹیفکیٹس حاصل کرلیں ۔ 2/y