ایس ایس سی اقلیتی اقامتی اسکولوں کا شاندار مظاہرہ

   

98 فیصد امیدوار کامیاب، 126 اسکولوں کے صد فیصد نتائج

حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے کہاکہ ایس ایس سی امتحانات 2026ء میں اقلیتی اقامتی اسکولوں نے پھر ایک مرتبہ غیرمعمولی مظاہرہ کیا ہے۔ جاریہ سال اقامتی اسکولوں کا ایس ایس سی کا نتیجہ 98 فیصد رہا جو بہتر تعلیمی معیار اور طلبہ کی صلاحیتوں کو ظاہر کرتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 204 اقلیتی اقامتی اسکولوں میں 126 کا نتیجہ صد فیصد رہا۔ 197 اسکولوں کے کامیاب امیدواروں کے نشانات 500 سے زائد رہے جبکہ 45 اسکولوں کے امیدواروں کو 570 سے زائد نشانات حاصل ہوئے ہیں۔ طلبہ اور اُن کے سرپرستوں نے بہتر تعلیمی سہولتوں پر چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا جو ریاست میں اقامتی اسکولوں کے ذریعہ اقلیتی طلبہ کو معیاری تعلیم کا اہتمام کررہے ہیں۔ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین، نائب صدرنشین ٹمریز محمد فہیم الدین قریشی نے طلبہ، ٹیچرس اور والدین کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ مشترکہ مساعی کے نتیجہ میں بہتر نتائج برآمد ہوئے۔ قطب اللہ پور گرلز اسکول کی طالبہ جی مونیا سری کو 591 نشانات حاصل ہوئے۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ بوائز کے محمد ریحان اور سنگاریڈی بوائز کے ایم پوجت کو 589 نشانات حاصل ہوئے۔ سنگاریڈی کے محمد ریحان 587، کوداڑ گرلز کی پٹھان ریحانہ 585، سنگاریڈی کے انس علی 584، حیات نگر گرلز کی سنگھم سریجا 584، دھرماپوری گرلز کی اُمیہ ترنم 583، مکتھل گرلز کی میمونہ مدیحہ 583 اور پٹن چیرو بوائز کے ترون کمار کو 583 نشانات حاصل ہوئے۔ نائب صدرنشین اور سکریٹری نے اقامتی اسکولوں کے پرنسپل، ٹیچرس اور سپورٹنگ اسٹاف کو مبارکباد پیش کی ہے جنھوں نے خصوصی کلاسیس کا اہتمام کرتے ہوئے طلبہ کو امتحانات کی تیاری میں مصروف رکھا۔V/1/A/Y