ایچ ایم ڈی اے نے ممنوعہ جائیدادوں کی فہرست کو ویب سائیٹ سے ہٹادیا

   

حکومت کو بدنام کرنے بعض گوشوں سے تشہیر ، اتھاریٹی سے سروے کی منصوبہ بندی
حیدرآباد۔27۔ اکٹوبر(سیاست نیوز) حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے اپنی ویب سائٹ سے جن جائیدادوں کے رجسٹریشن کو ممنوعہ جائیدادوں کی فہرست میں شام کرتے ہوئے رکھا تھا وہ مکمل فہرست ویب سائٹ سے ہٹادی ہے ۔ اتھاریٹی کے حدود میں حیدرآباد اور رنگاریڈی ضلع کی جن جائیدادوں کے رجسٹریشن کو ممنوع قراردیتے ہوئے اپنی ویب سائٹ پر فہرست جاری کی گئی اس فہرست کو تین دن میں ہٹا دیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ یہ فہرست ابھی جاری نہیں کی گئی تھی بلکہ اس فہرست کو 2015میں تیار کیا گیا تھا لیکن اب حکومت کو بدنا م کرنے کے لئے بعض گوشوں کی جانب سے اس کی تشہیر کی جانے لگی تھی جس کے نتیجہ میں اس فہرست کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمشنر ایچ ایم ڈی اے مسٹر سرفراز احمد نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ہدایات موصول ہونے تک حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی جانب سے ایسی کوئی فہرست جاری نہیں کی جائے گی اور نہ ہی اسے ویب سائٹ پر رکھا جائے گا۔ ریاستی وزارت محکمہ بلدی نظم و نسق کے ذرائع کے مطابق تلنگانہ میں اضلاع کی تنظیم جدید کے موقع پر تیار کی گئی فہرست کو ممنوعہ جائیدادوں کی فہرست کے طور پر پیش کیا گیا تھا جس کا جائزہ لینے کے بعد اس فہرست کو ہٹا دیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے جلد ہی اتھاریٹی کے ذریعہ سروے کے اقدامات کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ سروے کی تکمیل کے بعد ممنوعہ جائیدادوں کی فہرست جاری کی جائے لیکن حکومت کے دیگر ذرائع کا کہناہے کہ حکومت نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کے مطابق ریاست تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے حدود میں سروے کے بعد ممنوعہ جائیدادوں کی فہرست کو محکمہ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن کو روانہ کرتے ہوئے عہدیداروں کو جن جائیدادوں کے رجسٹریشن بلاک رکھے جانے ہیں ان کے متعلق واقف کروایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ایچ ایم ڈی اے کی ویب سائٹ سے ممنوعہ جائیدادوں کی فہرست کو ہٹائے جانے کے سلسلہ میں عہدیداروں کی جانب سے کوئی تشفی بخش جواب نہیں دیا جا رہاہے۔3