ایڈیشنل کلکٹر سنگا ریڈی اور دیگر عہدیداروں پر ہائی کورٹ کی برہمی

   

معذرت خواہی میں سنجیدگی نہیں، آئندہ سماعت میں حاضر ہونے کی ہدایت
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے اعلیٰ عہدیداروں پر ناراضگی کا سلسلہ جاری ہے۔ سنگا ریڈی کے ایڈیشنل کلکٹر ، آر ڈی او اور تحصیلدار کی جانب سے کی گئی معذرت خواہی کو حقیقی تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے تلنگانہ ہائی کورٹ نے کہا کہ حقیقی معنوں میں معذرت کریں ورنہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ عدالت نے انتباہ دیا کہ اگر ڈیویژن بنچ نے سنگل جج کی جانب سے دی گئی سزا پر روک نہ لگائی ہوتی تو عہدیداروں کو دو ماہ کی جیل ہوتی۔ عدالت نے عہدیداروں کی عدم حاضری پر ناراضگی جتائی ۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی نے سنگل جج کی سزا کے خلاف دائر کردہ اپیل کی سماعت کے دوران کہا کہ ہر سماعت کے موقع پر حاضر عدالت ہوں ۔ ڈیویژن بنچ نے انتباہ دیا کہ اگر عدالت کو نظر انداز کرنے کے طریقہ کار پر عمل کریں تو ہم حکم التواء واپس لیتے ہوئے آپ تمام کو سیدھا جیل بھیج دیں گے ۔ سنگل جج نے سنگا ریڈی ضلع کے ایک موضع میں کسانوں کو ای پٹہ دار پاس بک جاری کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ 8 سال قبل اراضی کی خریدی کے معاملہ میں پاس بک جاری کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ عدالت نے ریونیو ریکارڈ کا جائزہ لیا تھا جس میں درخواست گزار کا دعویٰ درست پایا گیا۔ عدالتی احکامات پر عمل آوری نہ کرنے کیلئے تینوں عہدیداروں کو سزا سنائی گئی تھی۔ ڈیویژن بنچ نے معاملہ کی آئندہ سماعت 7 اپریل کو مقرر کی ہے ۔