بارش کے پانی کے سڑکوں پر بہاؤ کو روکنے زیر تعمیر سمپ کا چیف منسٹر نے معائنہ کیا

   

عہدیداروں کو تجاویز و ہدایات ۔ آئندہ مانسون سے قبل تعمیراتی کاموںکو مکمل کرنے کا مشورہ
حیدرآباد 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج لیک ویو گیسٹ ہاؤز کے قریب بارش کے پانی کے سڑکوں پر بہاؤ کو روکنے زیر تعمیر پانی کے سمپ کی تعمیر کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے عہدیداروں کو تجاویز پیش کیں اور کہا کہ وہ اس طرح کے سمپ کی تیاری کو یقینی بنائیں جو کہ بارش کے پانی کے بہاؤ کو جذب کرسکے اور سڑکوں پر بارش کے پانی کے بہاؤ کو روکنے میں معاون ہوسکیں تاکہ دونوں شہروں میں ٹریفک کے مسائل پر قابو کو یقینی بنایا جاسکے ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس سمپ کے طرز پر مزید مقامات پر سمپ کی تعمیر کو یقینی بنائیں تاکہ زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ کے علاوہ سڑکوں پر پانی کے بہاؤ و پانی جمع ہونے کے مسائل کو دور کیا جاسکے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ‘ ٹریفک پولیس اور ’حیدرا‘ عہدیداروں کی نگرانی میں سروے کے دوران حیدرآبادو سکندرآباد میں ایسے 141 مقامات کی نشاندہی کی گئی جہاں بارش پر پانی جمع ہونے کے سبب ٹریفک کے مسائل پیدا ہونے لگتے ہیں اور ان سے نمٹنے پانی کی نکاسی عمل کو بہتر بنانے اقدامات کئے جاتے ہیں لیکن بارش کے پانی کے بہاؤ کیلئے سمپ کی تعمیر سے یہ مسائل بڑی حد تک حل کئے جاسکتے ہیں علاوہ ازیں پانی کو قریبی ذخائر یا تالاب تک پہنچانے کو بھی یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو منصوبہ بندی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دونوں شہروں میں ایسے سمپ کی تعمیر کو آئندہ مانسون سے قبل مکمل کرلیا جائے تاکہ مانسون کے دوران مسائل کا شہریوں کو سامنا نہ کرنا پڑے ۔ چیف منسٹر کے معائنہ میں انچار ج وزیر شہر پونم پربھاکررکن اسمبلی خیریت آباد ڈی ناگیندر‘ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق دانا کشور‘ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ایلم برتی ‘ اسپیشل سیکریٹری چیف منسٹر اجیت ریڈی و دیگر موجود تھے ۔ چیف منسٹر کو اس سمپ کی خصوصیات سے عہدیداروں نے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ایسے سمپ اگر ان مقامات پر جہاں پانی جمع ہونے کی شکایات ہوتی ہیں تعمیر کئے جاتے ہیں تو سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے جو ٹریفک مسائل سے نمٹنے میں کارکردثابت ہوں گے۔3