عمرہ ویزا عارضی طور پر معطل‘ 18 اپریل سے عازمین حج کے قافلوں کی آمد
ریاض ۔ 13؍اپریل (ایجنسیز)سعودی عرب نے حج 2026 کے تحت بڑی اور سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ نئے قوانین کے تحت اب مکہ میں بغیر سرکاری حج اجازت نامہ کے داخلے پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی عمرہ ویزا بھی عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ قدم دنیا کے سب سے بڑے مذہبی انعقادات میں سے ایک حج کو محفوظ اور منظم بنانے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ حج اور عمرہ کی وزارت اور سعودی عرب کی وزارت داخلہ کی مشترکہ کوششوں کے تحت لیا گیا ہے۔ 13 اپریل 2026 سے نافذ قوانین کے مطابق صرف جائز حج اجازت نامہ رکھنے والے لوگوں کو ہی مکہ مکرمہ میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ ساتھ ہی مکہ سے متعلق آفیشل کام یا رہائشی اجازت نامہ والے لوگوں کو ہی داخلہ ملے گا۔ حکام نے واضح کر دیا ہے کہ اس مدت کے دوران سیاحوں اور عمرہ زائرین سمیت دیگر تمام ویزا ہولڈرس کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ کچھ سالوں میں ڈیجیٹل تکنیکوں کے استعمال میں اضافہ کیا ہے۔ ’نْسک ایپ‘ جیسے پلیٹ فارم کے ذریعہ زائرین کی شناخت اور اجازت نامہ کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ افسران نے وارننگ دی ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانہ، جلا وطنی اور مستقبل میں داخلے پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔حج کی تیاریوں کی وجہ سے عمرہ سے متعلق اہم تاریخوں کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ عمرہ ویزا جاری ہونے کی آخری تاریخ 20 مارچ 2026، عمرہ ویزا پر سعودی میں داخلے کی آخری تاریخ 3 اپریل 2026 اور عمرہ زائرین کے لیے وہاں سے نکلنے کی آخری تاریخ 18 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے۔ اس کے بعد عمرہ ویزا پر سعودی عرب میں داخلہ نہیں ملے گا۔حکام کے مطابق 18 اپریل سے عازمین حج کا پہلا گروپ پہنچنا شروع ہوگا۔ 2025 میں تقریباً 18 لاکھ (1.8 ملین) لوگوں نے حج کیا تھا۔ رواں سال اس تعداد میں مزید اضافے کی امید ہے کیونکہ پوری دنیا سے بڑی تعداد میں حج ویزا کے درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ H/A