پرتاپ گڑھ: اترپردیش کے انتخاب میں بلڈوزر نے جو کامیابی بی جے پی کو دلائی ہے ،اب وہ بلڈوزر بی جے پی کے اقتدار والی ریاستوں میں چلا کر آئین و جمہوری نظام کو منہدم کیا جا رہا ہے ۔ ملک کے مسلمانوں کو خاطی قرار دے کر ان کی املاک پر بلڈوزر چلا کر بی جے پی یہ تاثر دے رہی ہے کہ اب ملک آئین ہند سے نہیں بلکہ ان کی مرضی و آر ایس ایس کے آئین پر چلے گا ،مدھیہ پردیش کھرگون میں مسلمانوں کی املاک کو ہی بلڈوزر سے نہیں بلکہ ملک کی جمہوریت و آئین کو بھی روندا گیا ہے ،جو بڑے شرم کی بات ہے۔ جمعیتہ علماء ہند (محمدر مدنی ) کے صوبائی سکریٹری مولانا شبیر احمد مظاہری نے مسلمانوں پر جاری ظلم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مذکورہ خیالات کا اظہار کیا ۔جمعیتہ علماء ہند کے صوبائی سکریٹری مولانا مظاہری نے کہا کہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ جن مسلمانوں (لاکھوں علماوں ) نے اپنے جان و مال کی قربانی دے کر اس ملک کو آزاد کرایا ،آج وہ ہی مشتبہ نظروں سے دیکھے جا رہے ہیں ۔ہمارے رہنماؤں نے کیا ملک کی آزادی اسی دن کیلئے دلائی تھی کہ ایک روز ان کے جان و مال کو بلڈوزر کے نیچے روندا جائے گا ،افسوس کی آئین کی حلف لے کر اقتدار پر قابض ہونے والی بی جے پی حکومت آج اسی آئین کی دھجیاں اڑانے پر آمادہ ہے ۔جمہوریت کی عصمت کو تار تار کر ملک کی سب سے بڑی اقلیت مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں ،اور فساد کا انجام دینے والے حکومت کی پناہ میں مسلمانوں کو کھلے عام مارنے کاٹنے کی دھمکی دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں مسلمانوں کا اتنا ہی حق ہے ،جتنا کی دوسروں کا۔بلڈوزر چلاکر مسلمانوں کے حوصلوں کو توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے ،جو قوم انگریزوں کو ملک سے راہ فرار اختیار کرنے کیلئے مجبور کر دیا ،وہ قوم کبھی مایوس نہیں ہو سکتی ۔