مرکزی وزیر کے بیٹے کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ ، ہنی ٹرپ کے نام پر مسئلہ سے توجہ ہٹانے کا الزام
کاماریڈی ۔12مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کاماریڈی کے اندرا چوک میں کانگریس پارٹی کی جانب سے مرکزی وزیر بنڈی سنجے کے خلاف شدید احتجاج منظم کرتے ہوئے ان کے علامتی پتلا کونذرِآتش کیا گیا۔ اس دوران پولیس نے احتجاجی مظاہرہ روکنے کی کوشش کی تاہم کانگریس کارکنوں اور پولیس کے درمیان دھکم پیل کے ماحول میں احتجاج جاری رہا اور آخرکار مظاہرین نے پتلا نذرِ آتش کردیا۔ احتجاجی قائدین نے الزام عائد کیا کہ بنڈی سنجے اپنے عہدہ کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے بعض مقدمات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں اور پولیس پر دباؤ ڈال کر تحقیقات کو گمراہ کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر کاماریڈی ٹاؤن کانگریس صدر سندیپ نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مرکزی وزیر بنڈی سنجے فوری طور پر اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیں۔ انہوں نے بنڈی سنجے کے فرزند بنڈی بھگیرتھ پر عائد الزامات کے تناظر میں فوری گرفتاری اور پوکسو قانون کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہنی ٹریپ‘‘ جیسے معاملات کو سامنے لاکر اصل مسئلہ سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کانگریس قائدین نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت میں اقتدار والوں کیلئے الگ اور عام عوام کیلئے الگ انصاف کا نظام رائج ہے، جو جمہوری اقدار کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنڈی سنجے کے مرکزی وزیر کے عہدہ پر برقرار رہنے تک اس معاملہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات ممکن نہیں، اس لئے اُنھیں فوری طور پر وزارت سے برطرف کیا جانا چاہیے۔ احتجاجی پروگرام میں لائبریری چیرمین مدھی چندرکانت ریڈی، بلاک کانگریس صدر سرینواس، یوتھ کانگریس صدر محمد عظمت کاماریڈی رورل صدر راجا گوڑ، راما گوڑ، سرینواس، رام موہن، گنیش، آنند راؤ، سائیلو، ارکان بلدیہ سید انور احمد، محمد امجد، عمران محی الدین کلیم ستیم، بالاراجو، جاوید، مہندر ریڈی، میسالا رمیش، پربھاکر، ہنومانلا رامو، سفیان، شیکھر، پٹیل کمار، عدنان، ارفات، لکشمن، گنگادھر سمیت بڑی تعداد میں کانگریس قائدین اور کارکنوں نے شرکت کی۔