بنگلورو، 5 مئی (یواین آئی) بنگلورو میں آئی پی ایل 2026 کے فائنل کی میزبانی کے امکانات پر سنگین خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔ اراکینِ اسمبلی کو میچ کے ٹکٹ دینے کے معاملے پر جاری سیاسی تنازعہ کے بڑھنے کے بعد بی سی سی آئی اب اس بڑے میچ کو کسی دوسرے شہر منتقل کرنے پر غورکر رہا ہے ۔ یہ تنازعہ، جوکرناٹک کے اراکینِ اسمبلی کی جانب سے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں ہونے والے آئی پی ایل میچوں کے لیے مفت وی آئی پی ٹکٹوں کی مانگ سے شروع ہوا تھا، اب ایک حساس سیاسی مسئلہ بن چکا ہے ۔ اس تنازعہ کے بڑھنے کی وجہ وی آئی پی کلچر، خصوصی مراعات اور کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشن (کے ایس سی اے ) پر مبینہ دباؤکو لے کر تنقید ہے ۔ بی سی سی آئی ذرائع کے مطابق پلے آف میچوں کو پنجاب اورکرناٹک کے درمیان تقسیم کیے جانے کا امکان ہے ، جو موجودہ چمپئن کی جانب سے فائنل کی میزبانی کی روایت کے مطابق ہے ۔ تاہم، بنگلورو میں انتظامات سے متعلق غیر یقینی صورتحال نے بورڈ کی منصوبہ بندی کو مشکل بنا دیا ہے ۔ بی سی سی آئی کے ایک ذرائع نے کہاکہ اگر یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا تو آئی پی ایل فائنل کو بنگلورو سے باہر منتقل کرنا پڑ سکتا ہے ۔یہ تنازعہ آئی پی ایل 2026 کے پہلے میچ سے قبل شروع ہوا تھا، جو رائل چیلنجرز بنگلورو اور سن رائزرز حیدرآباد کے درمیان کھیلا جانا تھا۔ اسی دوران کانگریس کے ایم ایل اے وجے آنند کاشپّنور نے ہر ایم ایل اے کے لیے کم از کم پانچ ٹکٹوں کی مانگ کی تھی ۔