بنگلور ٹسٹ میں سری لنکا 109 پر آؤٹ، انڈیا حاوی

   

بنگلورو: ہندوستان نے سری لنکا کو پہلی اننگز میں محض 109 پر آؤٹ کرکے اپنی دوسری اننگز میں مجموعی سبقت زائد از 400 رنزکے ساتھ جزیرہ والوں پر اپنی گرف مضبوط کرلی ہے۔ سیریز کے دوسرے ٹسٹ میں جو دن اور رات میں کھیلا جارہا ہے، روہت شرما زیرقیادت ٹیم نے آخری سیشن میں تادم تحریر 258/6 بنا لئے تھے۔ شریاس ایئر اور روی چندرن اشوین ترتیب وار 62 اور2 رن پر کھیل رہے تھے۔ قبل ازیں کپتان روہت کے 30 اور اوپنر مینک اگروال کے 22 رن کی مدد سے اتوار کو یہاں ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ’’پنک بال‘‘ ٹسٹ کے دوسرے دن چائے کے وقت تک 18 اوور میں 61/1 بنائے ۔ تب ہندوستان کو 204 رن کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ۔ روہت اور مینک نے ٹیم کو اچھی شروعات دلائی۔ دونوں کے درمیان پہلی وکٹ کیلئے ایک بڑی شراکت ہوئی تھی کہ مینک 42 رن بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔ لیفٹ آرم اسپنر لاست ایمبولڈینیا نے یہ وکٹ حاصل کیا۔ صبح میں سری لنکا نے کل کے اسکور 86/6 کے ساتھ کھیل کا آغاز ہوا اور جسپریت بومرا اور اشوین کی جارحانہ گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے دن کے پہلے سیشن میں 5.5 اوور میں سری لنکا کے چار وکٹ گراکر اسے 109 رن پر آل آؤٹ کردیا۔ دو وکٹ بومرا اور دیگر دو اشوین کے حصے میں آئے ۔ اس سے پہلے کل بومرا نے تین وکٹ لئے تھے ۔ اس طرح انہوں نے 10 اوورز میں 24 رن دے کر مجموعی طور پر پانچ وکٹ حاصل کئے۔یہ ان کا 5 وکٹ کا 8 واں مظاہرہ ثابت ہوا۔
اشوین اور محمد شامی نے دو دو وکٹ حاصل کئے ۔ اکشر پٹیل نے بھی ایک وکٹ حاصل کیا۔ سری لنکا کی جانب سے تجربہ کار بلے باز اینجلو میتھیوز نے 85 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 43 اور لاست ایمبولڈینیا نے 38 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 21 رن بنائے ۔ اس کے علاوہ سری لنکا کے تمام بلے باز فلاپ رہے ۔