بی جے پی کو تلنگانہ میں یاترا کا کوئی حق نہیں: ہریش راؤ

   

غربت میں اضافہ کیلئے کانگریس اور بی جے پی ذمہ دار، پرائمری ہیلت سنٹر کا اچانک معائنہ
حیدرآباد۔/17 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس و صحت ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی قائدین کو تلنگانہ میں پرجا سنگرام یاترا کا اخلاقی حق حاصل نہیں ہے کیونکہ ملک کے اہم مسائل کیلئے مرکز کی بی جے پی حکومت ذمہ دار ہے۔ ہریش راؤ نے میدک میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کی راہ میں رکاوٹ پیدا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں کہیں بھی اس طرح کی اسکیمات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت میں اضافہ کیلئے کانگریس اور بی جے پی ذمہ دار ہیں۔ دونوں پارٹیوں نے تلنگانہ کیلئے کچھ بھی نہیں کیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے قیمتوں میں اضافہ کیا جبکہ ٹی آر ایس غریبوں کو راحت پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے غریبوں کو ہمیشہ ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے غریبوں، دلتوں اور پسماندہ طبقات کی ترقی کو اولین ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے یاترا کے ذریعہ عوام میں الجھن پیدا کررہے ہیں۔ بی جے پی کو یاترا سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ہریش راؤ نے دلت بندھو اسکیم کے تحت حسن محمود پلی گاؤں میں 56 استفادہ کنندگان میں ٹریکٹرس دیگر گاڑیوں اور دیگر اشیاء کی خریدی سے متعلق چیکس تقسیم کئے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی پر عوام ہرگز بھروسہ نہیں کریں گے اور تلنگانہ میں مستحکم ہونے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ ہریش راؤ نے پرائمری ہیلت سنٹر کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے عوام کو دستیاب طبی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے عہدیداروں کو اطلاع دیئے بغیر اچانک پرائمری ہیلت سنٹر پہنچ کر مریضوں سے بات چیت کی۔ر