بی جے پی کی ’میں بھی چوکیدار‘ میں شدت

   

خود کو چوکیدار قرار دینے میں کئی چیف منسٹرس اور مرکزی وزراء کا اعلان
نئی دہلی 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج اپنی ’’میں بھی چوکیدار‘‘ مہم میں شدت پیدا کردی۔ جبکہ وزیراعظم نریندر مودی اور اُن کے دیگر پارٹی قائدین بشمول اِس کے صدر امیت شاہ نے لفظ ’’چوکیدار‘‘ کو اپنی خبروں میں اور ٹوئیٹر پیغاموں میں اپنی شخصی تفصیلات ظاہر کرتے ہوئے عوام کی تائید لوک سبھا انتخابات سے پہلے حاصل کرنے کے لئے چوکیدار لکھنا شروع کردیا ہے۔ پارٹی قائدین میں کئی مرکزی وزراء اور چیف منسٹرس بھی شامل ہیں جنھوں نے اپنے اشتہاری ویڈیوز میں عوام کے سامنے جن کا تعلق سماج کے تمام طبقات سے ہے، کہنا شروع کردیا ہے کہ وہ بھی مودی کی طرح ملک کے چوکیداروں میں سے ایک ہیں۔ مودی کی ٹوئیٹر پر ظاہر کردی شخصی تفصیلات میں ان کی شناخت چوکیدار نریندر مودی کی حیثیت سے ظاہر کی جارہی ہے۔ دیگر قائدین نے بھی اِس مہم میں تعاون کرنا شروع کردیا ہے۔ وزیر ریلوے پیوش گوئل نے اپنے پیغام میں کہاکہ ہماری قوم کے چوکیدار ایک صاف ستھرا سماج تیار کرنے کے پابند ہیں۔ وہ اپنے مالی لین دین کی کوئی بات نہیں چھپاتے۔ بدعنوانی کی لعنت میں مبتلا نہیں ہیں اور کبھی کالے دھن نے برسوں سے اُن کا کردار داغدار نہیں کیا۔ ایسے افراد کو آئندہ بھی مسترد کردیا جانا چاہئے۔ امیت شاہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں عوام کی کوششوں کو اُجاگر کیا اور کہاکہ وہ اپنے اطراف و اکناف صاف ستھرا رکھیں۔ مودی نے پوری قوم میں اپنے حامیوں پر زور دیا ہے کہ ’میں بھی چوکیدار ہوں ‘۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ صرف اِس جنگ میں اکیلے نہیں ہیں۔