اندراماں سلائی مشین فراہم کی جائیں گی، آج سے درخواستیں مطلوب: رکن اسمبلی
شادنگر۔ 14 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) غریب اور سلائی کے کام میں مہارت رکھنے والی بی سی خواتین کی مدد کے مقصد سے حکومت نے حال ہی میں گھر گھر اندرَمّا سلائی مشین پروگرام متعارف کرایا ہے۔ یہ بات شاد نگر کے ایم ایل اے ویرلاپلی شنکر نے کہی۔ جمعرات کی شام شہر میں واقع ایم ایل اے کیمپ آفس میں منعقدہ میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کو روزگار فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اسی مقصد کے تحت وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والی اہل خواتین کے لیے یہ اسکیم متعارف کرائی ہے۔ ایم ایل اے نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت شادنگر اسمبلی حلقہ کے لیے ایک ہزار سلائی مشینیں منظور کی گئی ہیں۔ ہر گاؤں کو 10 مشینیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ سلائی کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین، سلائی کا ہنر رکھنے لیکن سلائی مشین نہ ہونے والی غریب خواتین اور ٹیلرنگ کے پیشے سے وابستہ خواتین کو یہ مشینیں فراہم کی جائیں گی۔ تاہم اس اسکیم سے صرف بی سی طبقے کی خواتین استفادہ کرسکیں گی۔ اہل خواتین 15 اگست سے آن لائن درخواستیں داخل کرسکتی ہیں، جبکہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے اہل خواتین سے اپیل کی کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ اس پروگرام میں میونسپل چیئرمین اگّنور بسویشور، سابقہ چیئرمین اگّنورو وشوم، بالراج گوڑ، مارکیٹ کمیٹی ڈائریکٹر کروناکر، ٹاؤن صدر نلامونی سری دھر، منڈل صدور پرشوتھم ریڈی، چندر شیکھر، رمیش اور دیگر نے شرکت کی۔