کے کیشوا راؤ کی صدارت میں ریکگنیشن کمیٹی کا اہم اجلاس
حیدرآباد، 21 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ جہدکاروں کی شناخت کے عمل کو تیز کرنے کے لیے قائم کردہ ریکگنیشن کمیٹی کا اہم اجلاس آج منسٹرس کوارٹرس میں واقع ریاستی وزیر پونم پربھاکر کی سرکاری رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ کمیٹی کے چیرمین کے کیشوا راؤ کی صدارت میں منعقدہ اس اجلاس میں اب تک مکمل کیے گئے شناختی عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر یونیورسٹیوں، فنکاروں اور مختلف سماجی تنظیموں کے ساتھ سابق میں کی گئی مشاورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور شناختی عمل کو مزید تیز رفتاری کے ساتھ آگے بڑھانے کے لیے ضروری اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران تلنگانہ جہدکاروں کی شناخت اور اندراج کے لیے تیار کی جانے والی خصوصی ویب سائٹ کے قیام پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور طے پایا کہ ویب سائٹ کی پیشرفت کا مزید جائزہ لینے کے لیے کمیٹی کا آئندہ اجلاس بہت جلد دوبارہ طلب کیا جائے گا، جس میں ویب سائٹ کی لانچنگ کی تاریخ اور آئندہ کے لائحہ عمل کا باقاعدہ اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔ اس اہم میٹنگ میں ایم ایل سی پروفیسر کودنڈارام، سابق ایم ایل سی رامولو نائک، موٹھے شوبھن ریڈی اور شیام موہن نے شرکت کی۔ 2