تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین کا پہلا قافلہ جدہ پہنچ گیا

   

وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین ، صدر نشین کمیٹی و دیگر کا عازمین سے خطاب
حیدرآباد۔4مئی (سیاست نیوز) حج بیت اللہ کے لئے روانہ ہونے والے تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین کا پہلا قافلہ جدہ پہنچ گیاجسے ریاستی وزیر اقلیتی بہبود جناب محمد اظہر الدین ‘ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا غلام سید افضل بیابانی خسرو پاشاہ ‘ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ جناب سید عظمت اللہ حسینی ‘ صدر مفتی جامعہ نظامیہ مولانا مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی کی موجودگی میں شیخ الجامعہ ‘ جامعہ نظامیہ مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ قادری نے جھنڈی دکھا کر حج ہاؤز سے روانہ کیا تھا۔ تلنگانہ حج کمیٹی سے جملہ 1290 عازمین کی 3 پروازوں کے ذریعہ روانگی عمل میں لائی جاچکی ہے جن میں پہلا قافلہ جدہ پہنچ چکا ہے۔ گذشتہ شب حج ہاؤز سے پہلے قافلہ کی روانگی کے موقع پرحج ہاؤز میں جناب محمد اظہر الدین نے عازمین کی روانگی سے قبل منعقدہ وداعی تقریب سے خطاب کے دوارن کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے عازمین حج کی روانگی کے بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جار ہی ہے ۔ انہو ںنے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ سعودی عرب میں اپنے قیام کے دوران سعودی قوانین کی پاسداری کریں تاکہ انہیں کسی بھی طرح کی تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جناب محمد اظہر الدین نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا بڑا احسان و کرم ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو اپنا مہمان بنایا ہے ۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ تلنگانہ کے علاوہ دیگر ریاستوں سے روانہ ہونے والے عازمین حج کے لئے بھی حکومت تلنگانہ کی جانب سے بہتر انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ حج بیت اللہ کے لئے اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو منتخب کرتے ہوئے انہیں اپنا مہمان بناتے ہیں اسی لئے عازمین حج کو حج بیت اللہ کی ادائیگی کے بعد اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانی چاہئے ۔ انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ حرمین شریفین میںاپنے قیام کے دوران زیادہ سے زیادہ وقت عبادتوں میں گذاریں اور سیلفی یا ویڈیو بنانے سے گریز کریں علاوہ ازیں واٹس ایپ یا سوشل میڈیا کے استعمال کو دوران حج ترک کرتے ہوئے عبادات میں مشغول رہیں۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا غلام سید افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے گذشتہ 2ماہ سے حج کیمپ کے کامیاب انعقاد کے لئے کوششیں کی جا رہی تھیں اور اب عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ شروع کیاجاچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حج کمیٹی کے ذریعہ روانہ ہونے والے عازمین حج کی روانگی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کو جاریہ سال ممکنہ حد تک بہتر بنانے کی کوشش کی گئی اور اس کے باوجود ان میں کوئی خامی رہ گئی ہے تو عازمین حج کو عفو و درگذر سے کام لیتے ہوئے ارباب حج کمیٹی کو بھی اپنی دعاؤں میں شامل رکھیں۔مولانا غلام سید شاہ افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے نوجوان عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بزرگ و معمر عازمین کا خصوصی خیال رکھیں۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے اس موقع پر عازمین حج سے خطاب کے دوران کہا کہ سفر حج کے دوران ہونے والی مشقتوں کو برداشت کرتے ہوئے صبر کرنا چاہئے ‘ انہو ںنے کہا کہ سفر حج کے دوران ہونے والی مشقتوں و تکالیف کی شکایات کے بجائے ایک دوسرے کی مدد کے ذریعہ انہیں حل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔ عازمین حج کے پہلے قافلہ کی روانگی سے قبل مولانا سید ضیاء الدین نقشبندی ‘ مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ قادری نے فضائل حج و مناسک حج کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر اراکین حج کمیٹی کے علاوہ انچارج سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب بی شفیع اللہ ‘ ایکزیکٹیو آفیسر کمیٹی و سی ای او وقف بورڈ جناب محمد اسداللہ کے علاوہ دیگر موجود تھے۔3/m/b